سندھ بھر میں باردانہ کی شفاف نمونے سے تقسیم 15مارچ تک سندھ بھرکے تمام قائم کردہ مراکز میں کر دی جائیگی

میرپورخاص( بیورورپورٹ)ایڈیشنل چیف سیکریٹری سندھ نصیر احمد جمالی نے کہا ہے کہ سندھ بھر میں باردانہ کی شفاف نمونے سے تقسیم 15مارچ تک سندھ بھرکے تمام قائم کردہ مراکز میں کر دی جائیگی۔یہ بات انہوں نے کمشنر آفس میں گندم کی فصل 2014کی خریداری کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ سندھ بھر میں گندم کی سالانہ پیداوار38سے40ٹن ہے جس کیلئے حکومت سندھ نے رواں سال 13لاکھ ٹن گندم خریدنے کا ٹارگیٹ رکھا ہے اس سلسلے میں سندھ حکومت کی جانب سے باردانہ کی شفاف تقسیم کیلئے ضلع اور تحصیل سطح پر کمپلینٹ سیل اور کمیٹیاں تشکیل دی جارہی ہیں۔انہوں نے کمشنر میرپورخاص ڈویژن غلام مصطفی پُھل کو ہدایت کی کہ سندھ حکومت کے احکامات پر مکمل عملدرآمد کرائیں ۔اس موقع پر کمشنر نے ڈویژن کے ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں باردانہ کی شفاف تقسیم کیلئے کاشتکاروں،سندھ چیمبر آف ایگریکلچر اور محکمہ خوراک کے نمائندوں سے اجلاس کریں اور تعلقہ سطح پر کمیٹیوں کو فعال بنائیں۔ایڈیشنل چیف سیکریٹری نے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر وں کو ہدایت کی کہ وہ ایک ہفتہ کے اندر گذشتہ سال کی باردانہ لسٹ متعلقہ ڈپٹی کمشنر آفس میں جمع کرائیں۔اس موقع پر صوبائی وزیر خوراک کے مُشیر صلاح الدین ،ایڈیشنل کمشنر میرپورخاص نثارمیمن،ڈپٹی کمشنر میرپورخاص آصف اکرام،ڈپٹی کمشنر سانگھڑ سکندر علی خشک،ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ ندیم میمن،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون تھرپارکر فہیم میمن ،ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ سید حسن رضا،ڈویژن بھر کے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرز،چیمبر آف ایگریکلچرسندھ کے میر ظفراللہ تالپر اور میر مراد علی نظامانی بھی موجود تھے 

0 comments

Write Down Your Responses