حضورسیدنا غوث الاعظم جیلانیقیامت تک آنیوالے تمام فقراء اوراولیاء اللہ کے سردار ہیں

فیصل آباد( لاثانی میڈیا سیل) امیر تنظیم مشائخ عظام پاکستان صوفی مسعوداحمدصدیقی لاثانی سرکارکی صدارت میں لاثانی سیکرٹریٹ پر عظیم الشان محفل ذکرونعت بسلسلہ عرس مبارک ’’محبوب سبحانی حضور سیدناغوث الاعظم جیلانی ؒ ‘‘منعقد ہوئی۔صدیقی لاثانی سرکارکی تشریف آوری کیساتھ ہی پوری محفل اللہ کے ذکر سے گونج اٹھی،ذکر خدا کے بعد ذکرمصطفی ﷺ ہوااوربزرگان دین بالخصوص سیدناغوث الاعظم ؒ کی شان مبارک میں مناقب پیش کی گئیں۔صاحبزادہ شبیر احمد نے بارگاہ رسالت مآب ﷺ اورمناقب غوث الاعظم ؒ جب پڑھیں تو محفل پاک میں ایک سماں بندھ گیا اورشرکائے محفل پرروحانی وجدانہ کیفیات طاری ہوگئیں۔محمد اکمل نقشبندی ،محمد فراز نقشبندی اورمحمد رمضان نقشبندی (نقیب محفل )سمیت دیگر ثناء خوانوں نے بھی اپنے اپنے اندا زمیں کلام پڑھنے کی سعادت حاصل کی۔
اس موقع پر صدیقی لاثانی سرکارنے حضور سیدنا غوث الاعظم جیلانی ؒ کے پاکیزہ سیرت وکردارکے حوالے سے کہاکہ آپؒ قیامت تک آنیوالے تمام فقراء اوراولیاء اللہ کے سردار ہیں۔آپ ؒ کی ایک نگاہ سے مردے زندہ ہوجاتے ،لاعلاج مریضوں کو شفایابی ہوجاتی ،جہنمی جنتی ہوجاتے اورچورمقام قطبیت پر فائز ہوجاتے۔تمام سلاسل طریقت کے مشائخ حضو رسیدنا غوث الاعظم جیلانی ؒ کی منظوری سے ہی اللہ ورسولﷺ کی بارگاہ اقدس میں بلندترین مقامات پر فائز ہوتے ہیں کیونکہ اللہ ورسولﷺ نے آپ ؒ کوایسا نوازاہے کہ قیامت تک آنیوالے کسی بھی فقیر یاولی اللہ کووہ مقام ومرتبہ نصیب نہیں ہوسکتا۔فروغ اسلام کیلئے آپؓ کی گرانقدرخدمات فقراء ،اولیاء اللہ اور راہ حق کے سالکین کیلئے مشعل راہ ہیں کیونکہ آپؓ تمام انبیاء کرام ؑ بالخصوص حضور نبی کریم روف الرحیم ﷺ کے حقیقی اورسچے وار ث ہیں۔محفل پاک کے اختتام پر ختم خواجگان پڑھا گیا اورآپ ؒ کے ایصال ثواب اورملک وملت کی سلامتی اوراستحکام کیلئے بھی خصوصی دعا کی گئی۔شرکائے محفل کیلئے لنگر شریف کے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔

0 comments

Write Down Your Responses