پنجاب یوتھ فیسٹیول کے تحت ڈویژن سطح پر 5 ویں مرحلہ کی کھیلوں کا آغاز کر دیا گیا

فیصل آباد (سلیم شاہ ،چیف انوسٹی گیشن سیل)پنجاب یوتھ فیسٹیول کے تحت ڈویژن سطح پر 5 ویں مرحلہ کی کھیلوں کا آغاز ہو گیا ہے اس سلسلے میں رنگارنگ افتتاحی تقریب زرعی یونیورسٹی کے اتھلیٹک گراؤنڈ میں منعقد ہوئی۔ڈویژنل کمشنر سردار اکرم جاوید، ڈی سی او نورالامین مینگل، ڈویژنل کنوینر سپورٹس یوتھ اینڈ ڈویلپمنٹ کونسل/ایم پی اے چوہدری ظفر اقبال ناگرا، ایم پی ایز حاجی خالد سعید، نعیم اللہ گل کے علاوہ ڈویژنل سپورٹس آفیسر میاں زبیر انور، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسرز، اسسٹنٹ کمشنر(جنرل) مہر شفقت اللہ مشتاق، چاروں اضلاع سے کھیلوں کے کوارڈی نیٹرز و منتظمین کھلاڑی اور شائقین کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔مہمانان خصوصی نے فضاء میں رنگ برنگے غبارے چھوڑ کر ڈویژنل سطح کے مقابلوں کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر پرچم کشائی کی دلکش تقریب کے علاوہ ڈویژن کے چاروں اضلاع کی ٹیموں کے مابین تیکو انڈو، سر پر اینٹ توڑنا، بازوؤں کی طاقت سے بلاک توڑنے، کراٹے، جمناسٹک، خصوصی بچوں اور جنرل پبلک کے مابین مختلف پیمائشوں کی الگ الگ دوڑیں، خصوصی بچوں کی ویل چیئر ریس، رسہ کشی، آرم ریسلنگ، کبڈی میچ کے علاوہ دیگر کھیلوں کا مظاہرہ کیا گیا۔ڈویژنل کمشنر سردار اکرم جاوید نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کی ہدایت پر جاری پنجاب یوتھ فیسٹیول کی بدولت قوم کے نوجوانوں میں تازہ ولولہ پیدا ہوا ہے جس سے انہیں اپنی چھپی ہوئی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے مواقع میسر آئے ہیں۔ انہوں نے مختلف کھیلوں میں نوجوانوں کی پر جوش شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایک دوسرے سے آگے نکل جانے کے جذبے کی بدولت ترقی کی نئی رائیں کھلتی ہیں۔انہوں نے ڈویژنل سطح پر کھیلوں کے شاندار انعقاد پر ڈویژنل و ڈسٹرکٹ سپورٹس افسران کی کاوشوں کی تعریف کی۔ ڈی سی او نورالامین مینگل نے کہا کہ صحت مند مقابلوں کے انعقاد سے نہ صرف نوجوانوں کی ذہنی و جسمانی نشوو نما ہوتی ہے بلکہ انہیں صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے میں بھی مدد ملتی ہے اور یہ مقاصد پنجاب یوتھ فیسٹیول کے ذریعے حاصل ہورہے ہیں۔ ڈویژنل کنوینر سپورٹس یوتھ اینڈ ڈویلپمنٹ کونسل/ ایم پی اے چوہدری ظفراقبال ناگرا نے کہا کہ پنجاب یوتھ فیسٹیول وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کی اعلیٰ سوچ کا حامل ایسا انقلابی قدم ہے جس کی بدولت کھیلوں و دیگر ایونٹس کی وسیع سرگرمیاں جاری ہیں جس سے قوم میں مایوسی اور نا امیدی کا خاتمہ اور نئی امنگیں پیدا ہوئی ہیں جو کہ صحت مند معاشرے کے لیے انتہائی سودمند ہے۔ایم پی ایز حاجی خالد سعید اور نعیم اللہ گل نے کہا کہ نوجوانوں کے جذبوں میں تازگی برقرار رکھنے کے لیے پنجاب یوتھ فیسٹیول احسن اقدام ہے۔

0 comments

Write Down Your Responses