ملکی ترقی میں محکمہ زراعت ،لائیواسٹاک اورمحکمہ جنگلات اہمیت کے حامل ہیں

میرپورخاص (ایم وی این بیوروپورٹ) کمشنر غلام مصطفی پُھل نے کہا ہے کہ ملکی ترقی میں محکمہ زراعت ،لائیواسٹاک اورمحکمہ جنگلات اہمیت کے حامل ہیں اس لئے انکے مسائل کو حل کرنا اور انکی کارکردگی کو بہتر بنانا ضلعی انتظامیہ کی ذمیداریوں میں شامل ہے ۔یہ بات انہوں نے دربار ہال میں متعلقہ محکموں کی کارکردگی اور ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کے متعلق منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر نثارمیمن،ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ ندیم میمن،ڈپٹی کمشنر میرپورخاص آصف اکرام،ڈپٹی کمشنر سانگھڑ سکندر علی خشک ،ریجنل فاریسٹ آفیسر عابد حسین رند،ڈائریکٹر زراعت محمد حسن ،سندھ چیمبر آف ایگریکلچر میرپورخاص کے صدر میر ظفراللہ تالپر ،سانگھڑ چیمبر آف ایگریکلچر کے صدر مراد علی نظامانی،محکمہ لائیو اسٹاک،جنگلات اور محکمہ زراعت کے افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر کمشنر نے افسران کو ہدایت کی وہ کھاد اوربیج کے رجسٹرڈڈیلروں کی لسٹ فراہم کی جائے اورمحکموں میں جاری،مکمل اور التواع میں پڑی ہوئیں ترقیاتی اسکیموں کی تفصیلی لسٹ بھی فراہم کی جائے۔انہوں نے محکمہ لائیواسٹاک کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ مویشیوں میں پھیلنے والی بیماریوں سے بچاؤ کیلئے پیشگی اقدامات کریں۔انہوں نے محکمہ جنگلات کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ درختوں کو لگانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں اور محکمہ جنگلات کی قابض زمینوں کی نشاندہی کر کے فوری طور پر قبضہ ہٹانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔کمشنر نے ڈویژن کے ڈپٹی کمشنر وں کو ہدایت کی کہ محکمہ جنگلات ،لائیواسٹاک،زراعت،آبپاشی کے افسران سے اجلاس کر یں تا کہ انکی کارکردگی بہتر اور مسائل حل کئے جاسکیں۔

0 comments

Write Down Your Responses