جنرل بس سٹینڈ سے ملحقہ گراؤنڈ کو جھنگ روڈ ماڈل بازار کی طرز پر بنانے کیلئے مختص، حاجی خالد سعید

فیصل آباد( سلیم شاہ ،چیف انوسٹی گیشن سیل ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہمہ وقت تیار رہتی ہے اور میاں شہباز شریف کی طرف سے خاص ہدایات ہیں کہ عوام کی سہولت کیلئے ہر ممکن سکیمیں فوری شروع کی جائیں اورانہیں جلد از جلد مکمل کر کے عوامی خواہشات کی تکمیل کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار حاجی خالد سعید ایم پی اے نے جنرل بس سٹینڈ سے ملحقہ گراؤنڈ کو جھنگ روڈ ماڈل بازار کی طرز پر بنانے کیلئے مختص کی جانے والی جگہ کا وزٹ کرنے کے موقع پر کیا۔ حاجی خالد سعید کے ہمراہ سیکرٹری آر ٹی اے چوہدری طارق محمود‘ مسلم لیگ (ن) پی پی 66یوتھ ونگ کے جوائنٹ سیکرٹری میاں اقبال شریف‘ رانا حبیب اللہ‘ ناظر حسین کے علاوہ جنرل بس سٹینڈ ذمہ داران بھی موجود تھے۔حاجی خالد سعید ایم پی اے نے کہا کہ ہم بسترا بازار کو ختم کر کے اس کی جگہ آٹو ورکشاپ بنا رہے ہیں کیونکہ ملکی حالات کے پیش نظر ہم دہشت گردوں کو کوئی ایسا موقع نہیں دے سکتے جس کے لئے بعد میں ہمیں پچھتانا پڑے۔ کیونکہ رات کو جو لوگ یہاں سوتے ہیں معلوم نہیں ہوتا کہ یہ لوگ کون ہیں اور کہاں سے آئے ہیں اور ان کے کیا ارادے ہیں۔ حاجی خالد سعید نے مزید کہا کہ جنرل بس سٹینڈ کی اس گراؤنڈ کو ہم جھنگ روڈ کی طرز پر ماڈل بازار بنا رہے ہیں جہاں دوکانیں‘ ہوٹل وغیرہ بنائے جائیں گے جو ریڑھی چھابڑی والوں کو الاٹ کر دیئے جائیں گے اس کے علاوہ ہم یہاں گرین بیلٹ کی رینویشن کر رہے ہیں اس کے لئے ڈیزائن مکمل ہو چکا ہے اور فنڈز مہیا کر دیئے گئے ہیں جلد ہی اس منصوبے پر کام شروع ہو جائے گا اور لوگوں کا یہ دیرینہ مسئلہ حل ہو جائے گا۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ کے جوائنٹ سیکرٹری میاں اقبال شریف نے ایم پی اے حاجی خالد سعید کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے جنرل بس سٹینڈ کو جدید طرز پر بنانے اور یہاں پر ماڈل بازار بنانے کیلئے فنڈز مہیا کئے۔ میاں اقبال شریف کہا کہ یقیناًیہ منصوبہ مکمل ہونے سے جنرل بس سٹینڈ جدید ہہولتوں سے مزین ہو جائے گا اور یہاں پر دہشت گردی کا خوف بھی ختم ہو جائے گا اس کے علاوہ ریڑھی چھابڑی والوں کو دکانیں ملنے سے ان کے گھروں کے چولہے بھی جل اٹھیں گے۔

0 comments

Write Down Your Responses