اسسٹنٹ کمشنرز، اپنے علاقوں میں نہری پانی کی چوری کی روک تھام کے لیے بھرپور اپریشن کریں ،ڈی سی او نورالامین مینگل

فیصل آباد (سلیم شاہ ،چیف انوسٹی گیشن سیل)ڈی سی او نورالامین مینگل نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے علاقوں میں نہری پانی کی چوری کی روک تھام کے لیے بھرپور اپریشن کریں اور اگر نہری پانی کی چوری کے واقعات میں محکمہ انہار کے سٹاف یا فارمرز آرگنائزیشن کے نمائندوں کی ملی بھگت پائی جائے تو ان کے خلاف بھی مقدمات درج کرانے سے گریز نہ کیا جائے۔انہوں نے یہ ہدایت نہری پانی کی چوری سے متعلق شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے ایک اجلاس کے دوران جاری کی۔ ڈی سی او نے کہا کہ تمام تحصیلوں میں نہری پانی کی چوری کے سدباب کے لیے ٹاسک فورس تشکیل دیں جس میں محکمہ انہار، پولیس اور زمینداروں کے نمائندوں کو شامل کر کے کامیاب چھاپے مارے جائیں۔انہوں نے کہا کہ نہری پانی کی چوری میں ملوث افراد کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائیں۔ انہوں نے محکمہ انہار کے افسران سے کہا کہ وہ نہروں کی ٹیل پر واقع کھیتوں کی آبپاشی کے لیے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں۔ اس سلسلے میں کاشکاروں کے حقوق کا خیال رکھا جائے۔ ڈی سی او نے کہا کہ نہری پانی کی منصفانہ تقسیم کے لیے جامع حکمت عملی پر کام ہونا چاہیے اور ضلع میں کسی جگہ پر بھی نہری پانی کی کمیابی یا چوری کی شکایت سامنے نہ آئے

0 comments

Write Down Your Responses