موسم سرما میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ سے عوام اذیت کا شکار

میرپورخاص( ایم وی این نیوز بیورورپورٹ)موسم سرما میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ سے عوام اذیت کا شکار ہیں۔کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہورہی ہیں۔ عوامی احتجاج اور شکایات کے باوجود حیسکو افسران کی ہٹ دھرمی قائم ہے۔یہ بات حق پرست رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر ظفر کمالی نے مختلف سیکٹرز میں شہریوں کے وفود سے بات چیت کے دوران کہی۔انہوں نے کہا کہ میرپورخاص میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کے باعث پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے۔فراہمی آب کا کام متاثر ہونے سے عوام پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں جبکہ طلبا و طالبات کا مستقبل اندھیروں کی نذر کردیا گیاہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بجلی کی غیر اعلانیہ طویل بندش سے اسپتالوں میں مریضوں کو دوہری اذیت کا سامنا ہے جبکہ تجارتی، کاروباری اور تعمیراتی سرگرمیاں بھی شدید متاثر ہورہی ہیں جس سے عوام میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بجلی کی معطلی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر کی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔رات کے اوقات میں چوری، ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں روز کا معمول بن گئی ہیں۔بجلی کی مستقل فراہمی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات ناگزیر ہوگئے ہیں ۔ متعلقہ افسران کی ہٹ دھرمی اور ڈھٹائی سے عوام میں اشتعال پھیل رہا ہے اور عوامی رد عمل سامنے آنے کا خدشہ ہے۔انہوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا کہ حیسکو کے کرپٹ اور نااہل افسران کو فوری طور پر برطرف کرکے ان کے خلاف سخت ترین محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے اور بجلی کی مستقل فراہمی کو یقینی بنایا جائے

0 comments

Write Down Your Responses