سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ اور پی ایچ اے کے اشتراک سے باغ جناح میں رولر سکیٹنگ کورٹ قائم

فیصل آباد (سلیم شاہ ،چیف انوسٹی گیشن سیل)سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ اور پی ایچ اے کے اشتراک سے باغ جناح میں رولر سکیٹنگ کورٹ قائم کیا گیا ہے جس کا افتتاح ایم این اے رانا محمد افضل خاں،ارکان صوبائی اسمبلی بیگم نجمہ افضل،مدیحہ رانا،حاجی الیاس انصاری اورڈی سی اونورالامین مینگل نے کیا۔اس موقع پر ایم ڈی پی ایچ اے عاشق حسین ڈوگر،ڈویژنل سپورٹس آفیسر میاں زبیرانور،ڈی اوسپورٹس طارق نذیراوردیگر افسران کے علاوہ شائقین کی بڑی تعداد موجودتھی۔افتتاح کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ایم این اے رانا محمد افضل خاں نے کہا کہ سکیٹنگ کے شائقین کے لئے کورٹ کی سہولت کی فراہمی قابل تحسین اقدام ہے جو نوجوانوں کو کھیلوں کی زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کے سلسلے میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کے ویژن کی عکاسی کرتاہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب یوتھ فیسٹیول کی بدولت نوجوانوں میں نیاجذبہ اور عزم ابھر کر سامنے آیا ہے جو قوموں کی ترقی کے لئے ناگزیرہے۔انہوں نے رولر سکیٹنگ کورٹ کے قیام کے سلسلے میں ڈی سی اونورالامین مینگل کی کاوشوں کو سراہا۔ڈی سی اونورالامین مینگل نے کہا کہ سکیٹنگ کے کھیل کی بدولت کھلاڑیوں میں خود اعتمادی کاجذبہ پروان چڑھتا ہے جس کی بدولت وہ اپنی زندگیوں میں درپیش چیلنجز کا بطریق احسن مقابلہ کرنے کی استعدادحاصل کرنے کے قابل ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں مختلف کھیلوں کی وسیع سہولتیں فراہم کرنا ان کا مشن ہے اورآئندہ کشمیر پارک میں بھی سکیٹنگ کورٹ بنایا جائے گا اور یہ سہولت دیگر علاقوں میں بھی فراہم کریں گے۔ایم ڈی پی ایچ اے عاشق ڈوگر نے بتایا کہ ڈی سی اونورالامین مینگل کی ہدایت پرباغ جناح میں موجودمتروک بوٹنگ جھیل کو رولرسکیٹنگ کورٹ میں تبدیل کرکے شائقین کو یہ سہولت فراہم کی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ہر عمر کے شائقین کے لئے سکیٹنگ کی فری سہولت حاصل ہوگی جبکہ رات کے وقت اس کھیل کے لئے لائٹنگ کا خصوصی انتظام ہوگا۔بعدازاں شائقین بچوں میں سکیٹنگ بورڈزتقسیم کئے گئے

0 comments

Write Down Your Responses