عوام کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے

میرپورخاص(ایم وی این نیوز بیورورپورٹ)عوام کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ عوام کو بنیادی حقوق سے محروم کردیا گیا ہے۔میونسپل افسران متعصبانہ طرز عمل سے باز آجائیں۔یہ بات ایم کیو ایم میرپورخاص زون کے زونل انچارج مجیب الحق و اراکین زونل کمیٹی نے ایک مشترکہ بیان میں کہی۔میونسپل انتظامیہ کے متعصبانہ طرز عمل کے باعث شہر آثار قدیمہ کا منظر پیش کررہا ہے۔شہر بھر میں غلاظت کے پہاڑ کھڑے ہیں جبکہ کاروباری مراکز ، کھیل کے میدان اور رہائشی علاقے گندے پانی کے جو ہڑ میں تبدیل ہوگئے ہیں ۔کئی ماہ سے گندگی اور سیوریج کا پانی کھڑا رہنے سے شدید تعفن پھیل گیا ہے اور کئی علاقوں میں سیوریج کا گندا پانی پینے کے پانی میں شامل ہوگیا ہے جس کی وجہ سے وبائی امراض پھوٹ پڑے ہیں۔متعلقہ افسران عوام کو موت کے منہ میں دھکیلنے کے درپے ہیں۔صفائی ستھرائی کی ناگفتہ بہ صورتحال سے تنگ آکر کئی مرتبہ عوام احتجاجاً سڑکوں پر بھی نکلے لیکن متعلقہ افسران کی جانب سے صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال پر قابو پانے کے لئے اقدامات کی یقین دہانی کے باوجود تاحال میونسپل انتظامیہ کی بے حسی قائم ہے۔ اب صورتحال یہ ہے کہ میونسپل افسران دفاتر سے غائب ہیں اور ادارے کو لاوارث چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ متعلقہ افسران کی ملی بھگت سے میرپورخاص کے شہریوں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے ۔جس کی وجہ سے عوام میں شدید بے چینی اور اشتعال پھیل رہا ہے۔متعلقہ افسران عوام دشمن متعصبانہ طرز عمل سے باز آجائیں۔ عوامی رد عمل سامنے آیا تو اس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ افسران پر عائد ہوگی۔انہوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا کہ عوام کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے والے متعلقہ افسران کے خلاف سخت ترین محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے

0 comments

Write Down Your Responses