کراچی دھماکہ میں دلیر پولیس افسر چوہدری محمد اسلم کی شہادت قابل مذمت ہے، انکی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی،سنی اتحاد کونسل

فیصل آباد( سلیم شاہ ،چیف انوسٹی گیشن سیل ) سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ محمد حامد رضا نے کہا ہے کہ کراچی دھماکہ میں دلیر پولیس افسر چوہدری محمد اسلم کی شہادت قابل مذمت ہے۔ چوہدری محمد اسلم جیسے جرأت مند اور فرض شناس پولیس آفیسر کی شہادت قومی سانحہ ہے۔ چوہدری محمد اسلم نے جس بہادری اور دلیری سے جان دی انکی خدمات ہمیشہ یادرکھی جائیں گی۔ پوری قوم چوہدری محمد اسلم کو سلام پیش کرتی ہے۔ انکی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔ ملک و قوم ایک دلیر پولیس افسر سے محروم ہوگئی ۔ دہشتگردوں کی مسلسل کاروائیوں کے بعد دہشتگردوں سے مذاکرات کا کوئی جواز نہیں رہا۔ اب مذاکرات نہیں آپریشن ہونا چاہیئے۔ ملک حالت جنگ میں ہے۔ حکمرانوں کی مصلحتیں اور خوف ملک کو کسی بڑے سانحہ سے دوچار کرسکتاہے۔عید میلاد النبی ﷺ کے مہینے میں دہشتگردی اسلا م دشمنی ہے۔ ریاست کے خلاف اعلان بغاوت کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ حکومت دہشتگردوں کے خلاف فیصلہ کن کاروائی کرے۔سیکیورٹی اہلکاروں ، پولیس اور فوج پر حملے کرنے والے ملک کے غدار ہیں۔کراچی میں دہشتگردی کے تازہ واقعہ سے دہشتگردوں سے مذاکرات کی بات کرنے والوں کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں ۔ سنی اتحاد کونسل کے عہدیداران ، کارکنان اورعلماء مشائخ چوہدری محمد اسلم کے سوگوار خاندان سے تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

0 comments

Write Down Your Responses