پیسہ نہیں تو قبضہ نہیں ،محکمہ مال آزاد کشمیر وزیر اعظم کے واضع احکامات کے باوجود بیوہ عورت کو زمین کا قبضہ دینے میں ناکام۔

مظفرآباد(سید کفایت نقوی انوسٹی گیشن ٹیم) پیسہ نہیں تو قبضہ نہیں ،محکمہ مال آزاد کشمیر وزیر اعظم کے واضع احکامات کے باوجود بیوہ عورت کو زمین کا قبضہ دینے میں ناکام۔تفصیلات کے مطابق لچھم حسین بی بی بیوہ گلاب شاہ نے بذریعہ درخواست وزیراعظم آزادکشمیر سے رہائش کے لئے اراضی کا قبضہ دلوانے کی اپیل کی جس پر حیرت انگیز طور پر وزیراعظم کی جانب سے داد رسی کے احکامات جاری کیے گئے۔ایک عرصہ کی خواری کے بعد بیوہ عورت کو اراضی کی الاٹمنٹ تو دے دی گئی لیکن قبضہ دلوانے کیلئے تحصیلدار مظفرآباد زحمت گوارا نہیں کر رہے ۔موسم کی شدت سے غافل محکمہ مال کے آفیسر نے بیوہ عورت کو اپنے بچوں سمیت ٹینٹ سے بھی بے دحل کر دیا اور خوار ہونیکیلئے محکمہ مال کے دفاتر کا راستہ دکھا دیا ۔بیوہ گلاب شاہ نے مرکزی ایوان صحافت میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ ہمیں انصاف فراہم کیا جائے اور زمین کا قبضہ دلوایا جائے تاکہ بچوں کو شدید سردی سے محفوظ بنانے کا بندوبست کیا جائے ۔انہوں نے وزیر اعظم آزادکشمیر سے ایک بار پھر اپیل کی ہے کہ وہ تحصیلدار مظفرآباد کو رشوت بھی فراہم کریں کیونکہ انہوں نے واضح طور پر کہلوا دیا ہے کہ پیسوں کے بغیر تمہارا کام نہیں ہو سکتا ۔بیوہ عورت کا کہنا ہے کہ مجھے اگر تحصیلدار کیلئے رشوت فراہم نہ کی گئی تو میں پریس کلب کے باہر مذکورہ رقم کے حصول کیلئے کیمپ لگانے پر مجبور ہو جاؤں گی۔انہوں نے کہا کہ میرے پاس موجود رقم جو کہ ایک فلاحی تنظیم نے گذر بسر کیلئے دی تھی اس وقت چوری ہو گئی جب ہماری غیر موجودگی میں انتظامیہ نے ٹینٹ اکھاڑا ۔اب میرے پاس کسی کو دینے کیلئے کچھ نہیں میں دفاتر کے چکر لگا رہی ہوں جس کے باعث اپنے بچوں کا پیٹ بھرنے کیلئے کمائی بھی نہیں کر پا رہی۔

0 comments

Write Down Your Responses