تعلیم یافتہ نو جوان نسل ملکی ترقی کی اساس ہیں : گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور

بہاول پور (انویسٹین گیشن ٹیم ) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ تعلیم یافتہ نو جوان نسل ملکی ترقی کی اساس ہیں۔قوموں کی ترقی میں محنت ،پابندی وقت جیسے عناصر اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر قومی و صوبائی اراکین اسمبلی صبیحہ نذیر،بیگم پروین مسعود بھٹی،حسیناں بیگم،عدنان فرید،خالد یار وارن،اسلام اسلم،اساتذہ،طلباء و طالبات اور انکے والدین کی کثیر تعداد موجود تھی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ نوجوان افرادی قوت کو اپنے مادر وطن کی تعمیر و ترقی کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کامیابی کا پیمانہ عہدہ ،طاقت یا دولت نہیں بلکہ انسانیت کی خدمت ہے ۔انہوں نے ڈگری حاصل کرنے والے طلبہ کو کہا کہ تعلیم یافتہ نوجوان دوسروں کیلئے مشعل راہ ہیں اور انہیں عملی زندگی میں محنت و لگن اور ایمانداری سے کام کر کے قوم کو اقوام عالم میں ممتاز مقام دلا کر اپنا حق ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی میدان میں وفاقی و صوبائی حکومت جامع منصوبہ بندی کے تحت سکولوں سے محروم 70لاکھ بچوں کو تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو یورپ بھر میں جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے سے 13ارب ڈالر کی عالمی منڈی سے برآمدات متوقع ہیں جو آئندہ 4برسوں میں 26ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ اس سرمایہ کاری کے نتیجہ میں 10لاکھ افراد کے روزگار کے مواقع پیدا ہونگے۔وفاقی وزیر مملکت برائے تعلیم و امور داخلہ انجینئر بلیغ الرحمن نے کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی ترقی کیلئے پڑھے لکھے نوجوانوں کو مستقل بہتری لانے کے منصوبوں پر عمل کرنا ہوگا اور اسلامی فلسفہ کے مطابق بھی مومن کا ہر دن گزرے ہوئے دن سے بہتر ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ معیشت ،توانائی، صحت اور تعلیم حکومت کی ترجیحات ہیں اورہم بہتری کی جانب تیزی سے گامزن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس ریونیو میں اضافہ، پی آئی اے،ریلوے میں بہتری اور نئی انڈسٹری کا قیام بہتر مستقبل کی نوید ہیں۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب سمیت دیگر پسماندہ علاقوں کے نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کیلئے خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔جس کیلئے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے بجٹ میں ریکارڈ اضافہ کرتے ہوئے 58ارب روپے مختص کر دیئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فیڈرل نصاب کمیشن صوبوں کی مشاورت سے یکساں نصاب تعلیم ترتیب دے رہا ہے۔جو ملک بھر کے تمام پبلک و پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں جلد لاگو کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر نوجوانوں کی بہتری کیلئے منصوبہ جات ترتیب دیئے گئے ہیں۔ جن میں یوتھ قرضہ اسکیم،عملی تربیت کیلئے انٹر شپ پروگرام اور جنوبی پنجاب ،دیہی سندھ اور فاٹا کے نوجوانوں کیلئے مفت اعلیٰ تعلیمی سہولیات کی فراہمی قابل ذکر ہیں۔انہوں نے کہا کہ نواب سر صادق خان پنجم کے علم دوست وژن کے نتیجہ میں بہاولپور میں گورنمنٹ ایس ای کالج،گورنمنٹ ٹیکنیکل ہائی سکول،صادق پبلک سکول اور اسلامیہ یونیورسٹی جیسے بہترین تعلیمی اداروں کا قیام ممکن ہوا۔وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی ڈاکٹر محمد مختار نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں 18ہزار طلباء و طالبات 78مختلف ڈسپلن اور 6کیمپس کی وسعت کے ساتھ صوبے بھر کے 21فیصد علاقے میں اعلیٰ تعلیمی سہولیات فراہم کر رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ اس وقت جامعہ میں 200 پی ایچ ڈی اساتذہ خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔قبل ازیں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے معروف برا ڈ کاسٹر و صحافی رضا علی عا بدی کو انکی خدمات کے اعتراف میں پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری عطا کی ۔جبکہ بی ایس ،ایم اے،ایم ایس سی،سمسٹر و سالانہ ،ایم فل،پی ایچ ڈی میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو گولڈ و سلور میڈل اور ڈگریاں عطا کی گئیں۔

0 comments

Write Down Your Responses