وی سی آر پر مخرب الاخلاق فلمیں چلانے،اور ناجائز فروشی اور پرچی مافیا کے خلاف بھر پور کریک ڈاؤن کیا جائیگا،ڈی سی او نورالامین مینگل

فیصل آباد (سلیم شاہ ،چیف انوسٹی گیشن سیل)ڈی سی او نورالامین مینگل نے کہا کہ پاورلومز فیکٹری ایریاز میں وی سی آر پر مخرب الاخلاق فلمیں چلانے،اور ناجائز فروشی اور پرچی مافیا کے خلاف بھر پور کریک ڈاؤن کیا جائیگا اس سلسلے میں پولیس کی چھاپہ مار ٹیموں کو متحرک کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے یہ بات کونسل آف پاورلوم اونرز کے نمائندوں سے میٹنگ کے دوران کہی۔ای ڈی او (فنانس) ایوب خاں، ای ڈی او (ورکس) محمد اقبال،ای ڈی او( کمیونٹی ڈویلپمنٹ) آصف تارڑ، ڈی او لیبر جاوید گل، ڈی او ماحولیات محمد نواز، ڈی او سوشل ویلفیئر مسز وحیدہ افتخار اور فیسکو کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ڈی سی او نے کہا کہ پاور لومز انڈسٹری ملکی معیشت اور روزگار کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے لہذا انہیں درپیش مسائل کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی امن خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائیگی اور قانون شکنوں کا سختی سے محاسبہ ہوگا۔ انہوں نے غلام محمد آباد، فیض آباد کے پاور لومز فیکٹری ایریاز میں سٹرکوں کی تعمیر کی منصوبہ سازی اور پینے کے پانی کی فراہمی کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ ڈی سی او نے کہا کہ فیسکو کے لوڈ مینجمنٹ بورڈ اورپنجاب لیبرویلفےئر بورڈمیں پاورلومز مالکان کے نمائندے کی شمولیت کی سفارش کی جائیگی۔انہوں نے پاورلومز فیکٹریوں میں آگ کے حادثات سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بجلی کی تنصیبات کے ساتھ ارتھ بریکرز فوری طور پر لگوائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سول ڈیفنس آفیسر، ریسکیو1122 ، محکمہ محنت اور پاورلومز مالکان کی تنظیم کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی قائم کی جارہی ہے جو پاور لوم فیکٹریوں میں حفاظتی انتظامات کا معائنہ کرے گی۔ قبل ازیں وحید خالق رامے، جاوید شریف، میاں نذیر احمد، حافظ عرفان، ظفر معراج و دیگر نے پاور لومز انڈسٹری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔

0 comments

Write Down Your Responses