غیر قانونی مسافر ٹرانسپورٹ اڈوں کا فوری خاتمہ کیا جائے، اڈوں پر قواعد وضوابط کے مطابق طے شدہ سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنائیں، ڈی سی او

فیصل آباد (سلیم شاہ ،چیف انوسٹی گیشن سیل)ضلع میں غیر قانونی مسافر ٹرانسپورٹ اڈوں کا فوری خاتمہ کیا جائے اور دیگرٹرانسپورٹ اڈوں پر قواعد وضوابط کے مطابق طے شدہ سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔یہ ہدایت ڈی سی اونورالامین مینگل نے ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی جس میں ڈی او(سی) اکرم بھٹی،ای ڈی او(ورکس) محمد اقبال،سیکرٹری آرٹی اے طارق محمود،ڈی ایس پی ٹریفک خرم شہزاد،ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر انجم کمال ودیگر نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران کوہستان اور خواجہ ٹریولز کے ٹرانسپورٹ اڈوں کے لائسنسز کی تجدید کی درخواستوں پرمتعلقہ محکموں کی رپورٹس پر غوروخوض کرتے ہوئے ان کی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی کہ وہ قانونی شرائط کے مطابق چار دیواریوں کی تعمیر،الگ الگ داخلی اور خارجی راستوں کے تعین،سی سی ٹی وی کیمروں سمیت سیکورٹی کے دیگر انتظامات،صاف ستھراماحول اور مسافروں کے لئے مطلوبہ سہولتوں کو ایک ماہ کے اندر مکمل کریں بصورت دیگر ان کے لائسنسز کی تجدید نہیں بلکہ کینسل کردئیے جائیں گے۔اجلاس میں مین ٹرمینل سے امام بارگاہ چوک ڈگلس پورہ،ناولٹی پل سے مدنی چوک سمن آباد،نثار کالونی،مقصودآباد،نواباں والا،مظفر کالونی سے ستارہ کالونی تک اربن ٹرانسپورٹ کے روٹ،شیخوپورہ روڈپرستارہ کیمیکلز اور فیصل آباد اوکاڑہ روڈ پر چک نمبر40گ ب کے قریب بس سٹاپ کی منظوری دی گئی۔ڈی سی اونے سیکرٹری (آرٹی اے)سے کہا کہ وہ مسافر ٹرانسپورٹ اڈوں کی تسلسل کے ساتھ انسپکشن کرکے ٹریفک اورموٹروہیکل قوانین کی خلاف ورزیوں کے مرتکب کے خلاف فوری ایکشن لیں تاکہ بہتر نظم ونسق کے ذریعے مسافروں کے لئے سہولیات کو برقرار رکھاجاسکے۔انہوں نے زائد کرایہ واوورلوڈنگ کرنے کے سدباب اور غیر معیاری مسافرگاڑیوں کوبند کرنے کی ہدایت کی

0 comments

Write Down Your Responses