سنی اتحاد کونسل کی جانب سے جی ایچ کیو کے قریب ہونے والے خود کش دھماکے کی شدید مذمت

فیصل آباد( سلیم شاہ ،چیف انوسٹی گیشن سیل ) چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ محمد حامد رضا جی ایچ کیو کے قریب ہونے والے خود کش دھماکے میں شہید ہونے والے فوجی جوانوں کی شہادت پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعہ کی شدید مذمت کی۔ صاحبزادہ محمد حامد رضا نے مزید کہا کہ دہشتگرد فوجی جوانوں کو ایسے شہید کرکے افواج پاکستان کے حوصلوں کو پست نہیں کرسکتے۔ حکومت کب تک دہشتگردوں سے مذاکرات کی بھیک مانگے گی۔ پاکستان عالمی گریٹ گیم کا میدان بن چکا ہے۔ دہشت گردی کے ایشو پر قومی اتفاق رائے ضروری ہے۔ حکومت دہشت گردی کے معاملے میں کنفیوزڈ، غیرسنجیدہ اور مصلحتوں کا شکار ہے۔ قوم جنازے اٹھا اٹھا کر تنگ آ گئی ہے۔ ریاست کی رٹ مذاق بن چکی ہے۔ ڈرون حملوں کے ردعمل میں بے گناہوں کا خون بہانا ظلم ہے۔ پوری قوم دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کی خواہاں ہے۔ وزیر اعظم فوری طور پر اے پی سی بلائیں جس میں چھوٹی بڑی سیاسی و مذہبی جماعتوں کے سربراہان کو مدعو کرکے اتفاق رائے پیدا کیا جائے کیونکہ پانی اب سر سے گزر چکا ہے اور ملکی سلامتی خطرے میں ہے۔ پوری قوم افواج پاکستان اور سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔سنی اتحاد کونسل شہدا کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کرتی ہے۔

0 comments

Write Down Your Responses