یوتھ فیسٹیول کا دائرہ وسیع کرکے جیلوں تک ،سماجی برائیوں کے خاتمے اور مثبت رجحان کو پروان چڑھانے کی جانب اہم قدم ہے، شیخ اعجاز

فیصل آباد (سلیم شاہ ،چیف انوسٹی گیشن سیل)وزیر اعلی محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایات پر پنجاب یوتھ فیسٹیول کا دائرہ وسیع کرکے جیلوں میں قید نوجوان نسل کو بھی کھیلوں میں بھر پور شرکت کے مواقع فراہم کئے جارہے ہیں جو معاشرے سے سماجی برائیوں کے خاتمے اور مثبت رجحان کو پروان چڑھانے کی جانب اہم قدم ہے ۔ ان خیالات کا اظہار رکن صوبائی اسمبلی شیخ اعجاز احمد نے یوتھ فیسٹیول کے تحت بورسٹل جیل میں مختلف کھیلوں کے مقابلوں کے اختتام پر نوجوان قیدیوں میں انعامات تقسیم کرنے کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ ڈی آئی جی جیل خانہ جات مرزا شاہد سلیم بیگ ‘ سپرنٹنڈنٹ بورسٹل جیل شیخ اظہر حیات ‘ اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ عامر شہزاد ‘ جنرل سیکرٹری مسلم لیگ ( ن ) شاہد محمود بیگ ایڈووکیٹ ‘ ریکٹر ڈی پی ایس شاہد محمود ‘ صنعتکار محمد لطیف‘ مسلم لیگی رہنما پرویز اقبال کموکا کے علاوہ جیل انتطامیہ اور مقابلوں میں شرکت کرنے والے قیدی کھلاڑی بھی موجود تھے ۔ ایم پی اے شیخ اعجاز احمد نے کہا کہ پنجاب یوتھ فیسٹیول کے تحت مقابلوں میں نوجوانوں کی پر جوش شرکت سے بے شمار ٹیلنٹ سامنے آیا ہے جو ایک زندہ اور پر عزم قوم کی نشانی ہے ۔ انہوں نے نوجوان قیدیوں کی کھیلوں میں گہری دلچسپی کو احسن اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ کھیلیں معاشرے سے جرائم کے خاتمہ اور نئی نسل میں جوش و جذبہ پیدا کرنے میں اہم کردا رادا کرتی ہیں ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نوجوان اپنی مدت قید پوری ہونے کی بعد معاشرے کے مفید شہری بنیں گے ۔ شیخ اعجاز احمد نے کامیاب سپورٹس مقابلوں کے انعقاد پر جیل انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کھیلوں میں شرکت کرنے والے قیدی کھلاڑیوں کے لئے سپورٹس کٹس کا اعلان اور کرکٹ میچ میں اچھا کھیل پیش کرنے والے کھلاڑی کو ایک ہزار روپے نقد انعام دیا ۔ ڈی آئی جی جیل خانہ جات مرزا شاہد سلیم بیگ نے جیلوں میں قید نوجوانوں کیلئے کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد کو وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کا سود مند فیصلہ قرار دیا ۔ انہوں نے اچھا کھیل پیش کرنے والے قیدی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی ۔سپرنٹنڈنٹ جیل نے مہمانان خصوصی کی آمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر جیل میں نوجوانوں کو کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے بھر پور مواقع فراہم کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ کمپیوٹر کی تعلیم اور دیگر فنون سکھائے جارہے ہیں تاکہ وہ جیل سے رہا ہو کر اچھے شہری کے طور پر زندگی بسر کر سکیں ۔ پنجاب یوتھ فیسیٹول کے تحت بورسٹل جیل میں گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران کرکٹ ‘ کبڈی ‘ فٹ بال اور دیگر مقابلے منعقد ہوئے جبکہ اختتامی روز نوجوان قیدیوں اور جیل ملازمین کے مابین کرکٹ میچ بھی کھیلا گیا ۔ مہمانان خصوصی نے کرکٹ میچ جینے والی اور رنر اپ ٹیموں اور بہترین کھیل کا مظاہرہ کرنے والوں میں ٹرافیز تقسیم کیں۔

0 comments

Write Down Your Responses