ہاؤسنگ سیکٹر کی ترقی میں بھٹہ خشت کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے،بھٹہ خشت مالکان کے مسائل کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، رانا ثناء اللہ

فیصل آباد (سلیم شاہ ،چیف انوسٹی گیشن سیل)صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور ہاؤسنگ سیکٹر کی ترقی میں بھٹہ خشت کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے لہذا بھٹہ خشت مالکان کو درپیش مسائل کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے یہ بات بھٹہ خشت ایسوسی ایشن کی طرف سے منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ڈویژنل صدر بھٹہ ایسو سی ایشن حاجی اسلام، ضلعی صدر عبدالرزاق باجوہ، سرپرست اعلیٰ حاجی الطاف، نائب صدر میاں فرحان، چوہدری اشرف گجر، علی اصغر بھولا گجر اور دیگر بھٹہ خشت مالکان بھی اس موقع پر موجود تھے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت پنجاب صنعتی ترقی کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی پر یقین رکھتی ہے اس سلسلے میں بھٹہ خشت انڈسٹری کے استحکام کے لئے بھی ضروری اقدامات کو مد نظر رکھا جائیگا۔ انہوں نے بھٹہ مالکان سے کہا کہ وہ اپنے کاروباری معاملات کو مزید بہتر بناتے ہوئے بھٹہ مزدوروں کے مفادات کا خیال رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ سادہ لوح مزدروں کو ورغلانے والے شر پسند عناصر کو بھٹہ انڈسٹری کی معاشی سرگرمیوں میں رخنہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ بھٹہ مالکان کے خلاف ناجائز چالان اور بلا جواز مقدمات کے معاملات سے متعلق ان کے مسائل حل کئے جائیں گے۔ قبل ازیں بھٹہ خشت ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خاں کی آمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں بھٹہ خشت انڈسٹری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اورزور دیا کہ انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔

0 comments

Write Down Your Responses