متحدہ میرپورخاص و حق پرست ایم پی اے کی ربیع الاول کے جلوس میں شرکت

میرپورخاص(بیورورپورٹ) متحدہ میرپورخاص و حق پرست ایم پی اے کی ربیع الاول کے جلوس میں شرکت۔مختلف دینی و مذہبی جماعتوں کے علماء کرام سے بات چیت۔ تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم میرپورخاص زون کے زونل انچارج مجیب الحق و اراکین زونل کمیٹی اور حق پرست رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر ظفر کمالی نے جشن میلاد النبی ؐ کے حوالے سے سیٹلائیٹ ٹاؤن میرپورخاص میں مختلف دینی و مذہبی جماعتوں کے جلوس میں شرکت کی جو اپنے مقررہ راستوں سے گذرتے ہوئے اختتام پذیر ہوا۔اس موقع پر زونل انچارج مجیب الحق نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ قائد تحریک الطاف حسین نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی، مذہبی رواداری اور امن و امان کے قیام کے لئے بھرپور عملی کرادار ادا کیا جو تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے لئے قابل تقلید ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک انتہائی نازک دور سے گذر رہا ہے اور دشمن قوتیں مذہبی منافرت اور فرقہ واریت کی آگ بھڑکا کر پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں ۔ایسی سنگین صورتحال میں اتحاد و یگانگت کے ذریعے دشمن کے عزائم کو خاک میں ملانا ہوگا۔اس موقع پر حق پرست رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر ظفر کمالی نے کہا کہ ربیع الاول کے ماہ مقدس میں مقامی انتظامیہ کی نااہلی اور عوامی مسائل سے چشم پوشی کے باعث عوام میں بے چینی اور اشتعال پھیل رہا ہے۔ بالخصوص مذہبی تہواروں کے موقع پر صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شکایات اور عوامی احتجاج بھی بے اثر ثابت ہوئے ہیں اور تاحال متعلقہ افسران کی ہٹ دھرمی قائم ہے ۔ربیع الاول کے جلوسوں کی گذرگاہوں پر سیوریج کا گندا پانی کھڑا ہے ۔حکومت سندھ نے میرپورخاص کے عوام کو ان کے بنیادی حقوق سے بھی محروم کردیا ہے۔جلوس میں سیکٹر ڈی کے انچارج عاصم آفریدی و اراکین سیکٹر کمیٹی،ممتاز علمائے دین مفتی شریف سعید ی ، مولانا صادق سعید ، حافظ محمود قادری اور دیگر علماء کرام بھی موجود تھے۔

0 comments

Write Down Your Responses