پنجاب یوتھ فیسٹیول پروگرام کے تحت ،خواتین میں کوکنگ اور بچوں کے فراک کی سلائی کا مقابلہ

فیصل آباد( سلیم شاہ ،چیف انوسٹی گیشن سیل ) پنجاب یوتھ فیسٹیول پروگرام کے تحت محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال فیصل آباد کی طرف سے نور محمد انصاری انڈسٹریل سکول سوشل ویلفیئر سوسائٹی غلام محمد آباد میں خواتین کے مابین کوکنگ اور بچوں کے فراک کی سلائی کے حوالے سے دلچسپ مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔ جس کی نگرانی ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر رانا کاشف نثار اور جنرل سیکرٹری محمد ارشد قاسمی نے کی۔ اس موقعہ پر کالونی غلام محمد آباد اور گردونواح کی19 طالبات نے بچوں کے فراک کی سلائی میں ،ذاتی اور فیملی کوکنگ میں دس دس طالبا ت نے حصہ لیا۔ اس موقعہ پر طالبات سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر رانا کاشف نثار نے کہا کہ حکومت پنجاب اپنے ہر دلعزیز وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق صوبہ بھر میں نوجوان نسل میں صحت مند مقابلوں کا انعقاد کر رہی ہے جس کا بنیادی مقصد نوجوان نسل کی صلاحیتوں کا کھلے عام اعتراف کرنا ہے تاکہ ان نوجوانوں کے ہنر کی حوصلہ افزائی ہو سکے اور وہ زیادہ بہتر انداز میں اپنے ہنر میں مہارت حاصل کر سکیں۔ ابتدائی مرحلے میں کامیاب طلبہ کو آئندہ جناح ٹاؤن کے مقابلہ جات میں شرکت کا موقعہ فراہم کیا جائے گا۔اسی طرح یہ سلسلہ چلتا ہوا ضلعی اور صوبائی سطح تک بھی ہونگے۔رانا کاشف نثار نے کہا کہ قومیں اسی وقت ترقی کرتی ہیں جب وہ اپنی تعلیم اور ہنر مندی میں زیادہ سے زیادہ حسن پیدا کرتی ہیں ایسی ہی باہنر اور تعلیم یافتہ خواتین ہر مشکل حالات میں نہ صرف اپنے گھر کی کفالت کرتی ہیں بلکہ ملک کی ترقی میں بھی بنیاد ی کردار ادا کرتی ہیں۔جنرل سیکرٹری محمد ارشد قاسمی نے کہا کہ صحت مندانہ مقابلہ جات سے ایک طالب علم کے درمیان زندگی بھر آگے بڑھنے کاشعور اجاگر ہوتا ہے جس سے وہ ہر آنے والے دن اپنے ہنر اور تعلیم میں بہتری ہی بہتری پیدا کرتا چلا جاتا ہے جو زندگی بھر اس کی ترقی وکامرانی میں معاون کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کامیاب طالبات کو مبارکباد پیش کی کہ وہ اگر اسی طرح اپنی محنت کو جاری و ساری رکھیں گی تو ہمیں امید ہے کہ وہ صوبائی سطح پر ہونے والے مقابلہ جات میں بھی اس علاقے کی بھرپور نمائندگی کا حق ادا کریں گی۔

0 comments

Write Down Your Responses