وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت پسماندہ علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے

فیصل آباد (سلیم شاہ ،چیف انوسٹی گیشن سیل)صوبائی وزیر بلدیات، کمیونٹی ڈویلپمنٹ، قانون و پارلیمانی امور رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت پسماندہ علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے اس سلسلے میں وسیع ترقیاتی پروگرام پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے یہ بات نثار کالونی میں سابقہ نائب ناظم مرزا عبدالحمید کی رہائش گاہ پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ احمد جمال ڈوگر، سردار باوا، رانا نواز، سعید گجر، میاں وحید کے علاوہ کارکن کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ حلقہ پی پی70 میں تعمیر و ترقی کا جال بچھا کر اسے مثالی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 3 کروڑ25 لاکھ روپے کی لاگت سے مین روڈ نثار کالونی کو این ایل سی کی زیر نگرانی تعمیر کرایا جائے گا جس کی بدولت سنورہ کالونی، مسعود آباد و دیگر ملحقہ علاقوں کے لوگوں کو آمدورفت کی بہترین سہولیات میسر آئیں گی۔انہوں نے کہا کہ حلقہ پی پی70 کی سٹرکوں کے تعمیراتی کاموں میں کمشن و کرپشن مافیا سمیت دیگر رکاوٹوں کا خاتمہ کر کے پائیدار اور معیاری تعمیر کرائی جائے گی۔ صوبائی وزیر نے ایم سی گرلز ہائی سکول نثار کالونی میں مزید 45 لاکھ روپے سے اضافی کلاس رومز کی تعمیر کا اعلان کرتے ہوئے کارکنوں سے کہا کہ وہ بلدیاتی انتخابات کی تیاری کے ساتھ ساتھ ترقیاتی منصوبوں کی تعمیر و مرمت پر بھی کڑی نظر رکھیں کیونکہ عوامی خدمت کا جذبہ ہماری سیاست کا آئنہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے سابقہ دور میں بھی حلقہ کی تعمیر و ترقی کے لیے خطیر فنڈز فراہم کئے اور آئندہ بھی عوامی امنگوں پر پورا اتریں گے۔ اس موقع پر مقررین نے این ایل سی سے سٹرک کی تعمیر کرانے، گرلز سکول میں اکیڈمک بلاک بنوانے، قبرستانوں کی چاردیواریوں کے لیے فنڈز فراہم کرنے پر وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خاں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبائی وزیر نے انتخابی وعدوں سے بڑھ کر حلقہ میں تعمیراتی کام کرائے ہیں جنہیں مدتوں یاد رکھا جائے گا۔

0 comments

Write Down Your Responses