رحیم یار خان میں یو نیورسٹی اور کیڈٹ کالج کے قیام کا اعلان :وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف

رحیم یار خان( ایم وی این نیوز انویسٹی گیشن ٹیم) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے رحیم یار خان میں یو نیورسٹی اور کیڈٹ کالج کے قیام کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ نئی یو نیورسٹی کے قیام پر بہت جلد کام شروع کر دیا جائیگا جبکہ کیڈٹ کالج کا منصوبہ ڈیڑھ سال میں مکمل ہو گا۔اس بات کا اعلان آج انھوں نے صادق آباد جناح میونسپل اسٹیڈیم میں منعقدہ پاکستان آرمی کے زیر اہتمام دوسرے نشان حیدر ٹورنامنٹ کے اختتام پر تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا ،تقریب میں کور کمانڈر کراچی لیفٹینٹ جنرل سجاد غنی ،صوبائی وزیر چوہدری محمد شفیق، ایم این ایز میاں امتیاز احمد، مائزہ حمید گجر، ایم پی ایز محمد عمر جعفر،چوہدری محمود الحسن چیمہ، میاں اسلام اسلم، کمشنر بہاولپور کیپٹن(ر)اسد اللہ خان، آر پی او بہاولپور شاہد حنیف، ڈی سی او نبیل جاوید، ڈی پی او سہیل ظفر چٹھہ اور دیگر اعلیٰ فوجی اور سول حکام نے شرکت کی ۔ٹورنامنٹ کا فائنل پاکستان آرمی اور پاک فضائیہ کے مابین کھیلا گیا جو پاک فضائیہ نے جیت لیا ،وزیر اعلیٰ پنجاب نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ گزشتہ الیکشن کے دوران جنوبی پنجاب بالخصوص رحیم یار خان کے لوگوں نے مسلم لیگ ن کو جس طرح کا میابی سے ہم کنار کیا اس کا میں شکر گزار ہوں انھوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام نے ہم پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اس اعتمادکو کبھی ٹھیس نہیں پہنچائیں گے اور اعتماد پر پورا تریں گے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے کبڈی کے شاندار ٹورنامنٹ کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ حکومت پنجاب کبڈی کے کھیل کو فروغ دینے کیلئے ہر ممکن امداد کریگی اور جو تجاویز پیش ہونگی ان پر عمل کیا جائیگا۔انھوں نے کہا کہ زندگی میں اور زندگی کے ہر دوڑ میں کسی نے جیتنا اور کسی نے ہارنا ہوتا ہے تاہم دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے بہترین اور عمدہ کھیل پیش کیا جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں ،انھوں نے کہا کہ کھیلوں کے انعقاد سے جہاں سپورٹس مین سپرٹ اور صحتمندانہ سر گرمیاں اجاگر ہوتی ہیں وہاں لوگوں میں باہمی محبت اور پیار کی فضا بھی پروان چڑھتی ہے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے یقین دلایا کہ کھیلوں کی ترقی اور جناح اسٹیڈیم کی ترقی کے لئے حکومت پنجاب ہر قسم کی مالی اور انتظامی امداد فراہم کریگی ،قبل ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب جنا ح اسٹیڈیم پہنچے تو دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کا ان سے تعارف کروایا گیا ،وقفے کے دوران علاقائی جھومر اور اونٹ ناچ کا مظاہرہ کیا گیا اس کے علاوہ آرمی بینڈ نے بھی خوبصورت دھنیں پیش کیں ،کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری چوہدری محمد سرور نے بتایا کہ یہ ٹورنامنٹ گزشتہ سال شروع کرایا گیا تھا اور اس سال ملک بھر سے 9 ٹیمیوں نے حصہ لیا جس میں پاکستان آرمی ،ائیر فورس، واپڈا، پولیس، سوئی گیس، ہائیر ایجو کیشن، پنجاب سرحد اور اسلام آباد شامل ہیں ،ٹورنا منٹ میں پاکستان آرمی کے ٹیم رنر اپ رہی جبکہ واپڈا نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔ٹورنامنٹ کے فائنل کو دیکھنے کیلئے ہزاروں شائقین اسٹیڈیم میں موجود تھے ۔

0 comments

Write Down Your Responses