جدید،معیاری اور بامقصد تعلیم کو فروغ دے کر پاکستان کوترقی یافتہ ملکوں کی صف میں کھڑا کیا جاسکتا ہے،صوبائی وزیرقانون رانا ثناء اللہ

فیصل آباد (سلیم شاہ ،چیف انوسٹی گیشن سیل)صوبائی وزیرقانون رانا ثناء اللہ خاں نے گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج آف سائنس سمن آباد میں نوتعمیر شدہ پاکستان ہال اور کمپیوٹر لیب کا افتتاح کیا جن کی تکمیل پر 45لاکھ روپے لاگت آئی ہے جبکہ کالج ہذا میں مجموعی طور پر 9کروڑ10لاکھ روپے کی لاگت سے ہاسٹل،ایڈمن بلاک،واٹر ٹینکی،پارکنگ سٹینڈ اور دیگر منصوبے مکمل کئے گئے ہیں۔افتتاح کے موقع پر ڈائریکٹر کالجز رانا منور احمد خاں،پرنسپل پروفیسر نذر لطیف،رانا شہریار احمداوردیگر فیکلٹی ممبرز کے علاوہ حلقہ کے عمائدین بھی موجود تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیرقانون نے کہا کہ علمی شعبے کی ترقی موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے جس کے لئے متعدد انقلابی پالیسیوں پر عملدرآمد کیا جارہا ہے تاکہ نہ صرف ناخواندگی کا خاتمہ بلکہ جدید،معیاری اور بامقصد تعلیم کو فروغ دے کر پاکستان کوترقی یافتہ ملکوں کی صف میں کھڑا کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ حلقہ پی پی 70میں تعلیم اور صحت کی سہولتیں لوگوں کی دہلیز تک پہنچانے کے مشن پر عمل پیرا ہیں جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے سکولوں،کالجوں اور ہسپتالوں کے قیام وترقی کے منصوبے مکمل کئے جارہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ حلقہ کے تمام کالجوں اور سکولوں میں خطیر فنڈز سے ضروری سہولتیں فراہم کریں گے جبکہ گورنمنٹ کالج برائے خواتین سمن آباد میں پوسٹ گریجوایٹ کلاسز کا اجراکرنے کے علاوہ لڑکیوں کے لئے مزید کالجز کے قیام عمل میں لائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ جنرل ہسپتال سمن آباد کے قیام سے حلقہ اوراردگرد کے لوگوں کو علاج معالجہ کی وسیع سہولتیں حاصل ہوئی ہیں جس میں کروڑوں روپے کی ادویات ہر مریض کو مفت فراہم کی جارہی ہیں اس ہسپتال کو وسعت دے کر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتال کے برابرلائیں گے جس کے لئے 80کروڑ روپے کے فنڈز مختص کئے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حلقہ پی پی 70میں سپورٹس سٹیڈیم کی تعمیر کے لئے ابتدائی طورپر10کروڑ روپے کے فنڈز فراہم کئے گئے ہیں اور اسے عالمی معیار کا سٹیڈیم بنائیں گے۔صوبائی وزیرقانون نے یقین دلایا کہ پرنسپل کی طرف سے سپاسنامہ میں جن مسائل کی نشاندہی کی ہے وہ فی الفور حل کردئیے جائیں گے ۔اس سے قبل ڈائریکٹر کالجز نے حکومت پنجاب کی علم دوستی کو سراہتے ہوئے کہا کہ نئی نسل کو علم کے زیور سے آراستہ کرنے کے لئے وسیع بنیادوں پر اقدامات انتہائی خوش آئنداقدام ہے ۔انہوں نے گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج آف سائنس کو تعلیمی کارکردگی کے لحاظ سے ڈویژن کا بہترین کالج قراردیا۔پرنسپل نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے کالج کی تعمیر وترقی کے لئے صوبائی وزیرقانون رانا ثناء اللہ خاں کی معاونت واقدامات کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ اس کالج کے انٹرکے نتائج 85.47فیصد رہے جو کہ تعلیمی بورڈ کے رزلٹ کا 52.66فیصد تھے۔انہوں نے کالج کی دیگر تدریسی،انتظامی سرگرمیوں ودیگر کارکردگی سے آگاہ کیا۔

0 comments

Write Down Your Responses