ڈسٹرکٹ جیل میں ایمان افروز محفل میلاد ، صدارت آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر نے کی

فیصل آباد (سلیم شاہ ،چیف انوسٹی گیشن سیل)عید میلادالنبیؐ کے حوالے سے ڈسٹرکٹ جیل میں ایمان افروز محفل میلاد منعقد ہوئی جس کی صدارت آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر نے کی جبکہ اس موقع پر ڈی آئی جی جیل خانہ جات مرزا شاہد سلیم بیگ ‘ سپرنٹنڈنٹ جیل میاں زاہد‘ احسان شاہد ‘ عابد بیگ ‘ مولانا امین اور دیگر بھی موجود تھے ۔محفل میلاد کے دوران نعت خوانی ‘ ذکر الہی اور درود و سلام پیش کیا گیا ۔آئی جی جیل خانہ جات نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عشق رسولؐ ہمارے ایمان کا اہم حصہ ہے اور ذکر حبیب خدا سے ایمان تازہ اور مضبوط ہوتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ماہ ربیع الاول کے مقدس مہینہ کے موقع پر بطور مسلمان ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا چاہئے کہ سنت نبوی صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم پر سختی سے عمل پیرا ہوں گے کیونکہ اسی میں ہماری نجات ہے ۔انہوں نے قیدیوں کو تلقین کرتے ہوئے کہا کہ اسوہ حسنہ کی پیروی کرتے ہوئے اپنے اندر قوت برداشت ‘ تحمل ‘ بردباری اور باہمی احترام سمیت اعلی اخلاقی اقدار پیدا کریں تاکہ معاشرتی سکون برقرار اور جرائم سے دور رہا جا سکے ۔اس موقع پر انہوں نے عید میلادالنبی کی برکات کے صدقے پانچ سال کی قید کے اسیروں کے لئے ایک ماہ اور پانچ سال سے زائد کی سزا کے قیدیوں کے لئے دو ماہ کی قید کی معافی کا اعلان کیا۔آخر میں اﷲ تعالی کے حضور گناہوں کی معافی ‘ اسلامی تعلیمات پر عملدرآمد کی توفیق ‘امن و سلامتی اور ملک و قوم کی ترقی و خوشحال کے لئے دعا کی گئی۔

0 comments

Write Down Your Responses