قوم کو مشکلات سے نجات دلانے میں کوئی کسر اٹھانہ رکھیں گے: حمزہ شہبازشریف

بہاول پور (انویسٹی گیشن ٹیم) رکن قومی اسمبلی حمزہ شہبازشریف نے کہاہے کہ ہم نے اس بات کاعزم کررکھاہے کہ قوم کو مشکلات سے نجات دلانے میں کوئی کسر اٹھانہ رکھیں گے اورعوام سے جو وعدے کیے ہوئے ہیں ان تمام وعدوں کو ہر صورت میں پوراکر کے دم لیں گے۔وہ یہاں اوچ شریف میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔ حمزہ شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حالیہ عام انتخابات سے قبل جنوبی پنجاب میں ایسے سیاسی نعرے لگائے گئے جن کا مقصد لوگوں کو ورغلانا تھاتاہم عام انتخابات میں جنوبی پنجاب کے لوگوں نے نوازشریف کی قیادت پر اعتماد کر کے لسانیت اور نفرت کی بنیاد پر دیئے گئے نعروں کو ہمیشہ کیلئے دفن کر دیا ۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی عوام نے اس بات کا ثبوت دیا کہ وہ جس کاساتھ دیتے ہیں ہمیشہ اسی کے ساتھ رہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پنجاب میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی ایک سنگین مسئلہ ہے ۔ پنجاب حکومت نے صوبہ بھر میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا جامع منصوبہ شروع کیا ہے جس پر 10ارب روپے لاگت آئے گی اور اگلے سال کے آخر تک پنجاب میں ہر جگہ واٹرفلٹریشن پلانٹ نصب کر دیئے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ ہماراطرز سیاست سبزباغ دکھانا اور تالیاں بجا کر چلے جانا نہیں بلکہ ہم لوگوں کی عملی خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بہاولپور میں شمسی توانائی سے بجلی پیدا کرنے کے لیے سولر پارک بنایا جا رہا ہے اور چند ماہ میں اس پارک سے 100میگا واٹ بجلی کی فراہمی شروع ہو جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان ہمارامستقبل ہیں ان کو روزگارکی فراہمی کیلئے حکومت نے جو منصوبہ شروع کیا ہے اس کے دور رس نتائج برآمد ہونگے۔انہوں نے کہا کہ وزاعظم نواز شریف کل بہاولپور کا دورہ کر کے اس سکیم کا آغاز کریں گے۔حمزہ شہباز شریف نے ایم این اے علی حسن گیلانی کے مطالبہ پر چنی گوٹھ میں گرلز ڈگری کالج کے قیام اور احمد پور شرقیہ سے اوچ شریف تک دو رویہ سڑک کی تعمیر کا اعلان کیا۔حمزہ شہباز شریف نے اس بات کا اعادہ بھی کیا کہ بہاولپور کو ایک مثالی ڈویژن بنایا جائے گا اور وہ ہر دو ماہ بعداوچ شریف کا دورہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت پاکستان کو صحیح معنوں میں قائداعظم کا خوشحال پاکستان بنانے کیلئے پر عزم طریقے سے مصروف عمل ہے اور عام لوگوں کے تعاون سے اپنے مقصد میں کامیاب ہونگے اور پاکستان کی سیاست میں عوام کی خدمت کے جذبے سے آگے بڑھیں گے۔ قبل ازیں رکن قومی اسمبلی سید علی حسن گیلانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں ملک مزید خوشحالی کی طرف گامزن ہو گا اور بجلی کا بحران حل کرنے میں کافی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت جنوبی پنجاب کی ترقی کے لئے جس انداز میں کام کر رہی ہے وہ خوش آئند ہے۔ پنجاب ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کیپٹن (ر) محمد آصف نے بتایا کہ بہاولپوراور اوچشریف میں 1102 متاثرہ افراد کے لئے 2کروڑ 62 لاکھ کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے جبکہ بہاولپور کے9 مواضعات کو آفت زدہ قرار دے کر وہاں کا آبیانہ اور مالیہ معاف کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سیلاب کے دوران پنجاب حکومت نے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے ایک ارب روپے کی رقم مختص کی جبکہ تباہ ہونے والے مکانوں کی تعمیر و مرمت کے لئے متعلقہ اضلاع کے ڈی سی اوز کو 50 کروڑ روپے فراہم کئے گئے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت پنجاب نے سیلاب زدگان کے لئے ایک لاکھ 25ہزار فوڈ پیکٹ، 20 ہزار بوری چاول اور آٹے کے 47 ہزار تھیلے فراہم کئے۔ بعد ازاں حمزہ شہباز شریف نے اوچشریف اور بہاولپور کے سیلاب سے متاثرہ افراد میں امدادی رقوم کے چیک تقسیم کئے۔ مکمل تباہ شدہ مکانوں کے مالکان کوفی کس 30ہزار اور جزوی تباہ ہونے والے مکان مالکان کو 15 ہزار روپے کے چیک دیئے گئے۔تقریب میں صوبائی وزیر ملک محمد اقبال چنڑ،اراکین اسمبلی عدنان فرید قاضی، خالد وارن،میاں شعیب اویسی، فوزیہ ایوب قریشی، خالد ججہ، سینئر سیاسی رہنما مسعود مجید، ظفر گیلانی اور شیخ حسن عسکری بھی موجود تھے۔

0 comments

Write Down Your Responses