فیصل آباد، جشن عید میلادالنبیؐ پر امن ماحول میں بھر پور مذہبی عقیدت اور جوش و خروش سے منایا گیا

فیصل آباد (سلیم شاہ ،چیف انوسٹی گیشن سیل)ضلع میں جشن عید میلادالنبیؐ پر امن ماحول میں بھر پور مذہبی عقیدت اور جوش و خروش سے منایا گیا ۔اس موقع پر ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی طرف سے جامع حفاظتی و انتظامی اقدامات کئے گئے تھے ۔ ڈی سی او نور الامین مینگل اور سی پی او ڈاکٹر حیدر اشرف عید میلادالنبیؐ کے جلوسوں ؍ ریلیوں اور محافل میلاد کے سیکورٹی انتظامات پر عملدرآمد کے لئے سارا دن شہر بھر میں متحرک رہے ۔ عید میلادالنبی ؐ کے مرکزی جلوس کے منتظمین نے چوک گھنٹہ گھر میں مرکزی میلاد کمیٹی کے زیر اہتمام جشن عید میلادالنبیؐ کا کیک کاٹا ۔ ڈی سی او،اور سی پی او،غلام محمد آباد کی حساس جگہ گول جامع مسجد چوک میں عید میلادالنبی ؐ کے جلوس کے اختتام تک موجود رہے اور تمام تر سیکورٹی کو ہائی الرٹ رکھا ۔ اس موقع پر ایم این اے حاجی محمد اکرم انصاری ‘ پیرابراھیم ‘ قاری محمد امجد ‘ قاری حنیف بھٹی اور دیگر علما کرام کے علاوہ جلوس کے منتظمین میاں غلام مصطفے ،صاحبزاد میاں محمد اصغر گجر ‘ میاں ارشد محمود ‘ عدنان ملک اور دیگر بھی موجود تھے ۔انہوں نے دربار گجر پیر سے شروع ہونے والے جلوس میں شرکت بھی کی ۔ ڈی سی او اور سی پی او نے ، ‘ امن کمیٹی کے ارکان اور ‘ تمام مکاتب فکر کے دیگر علماء کرام اور جلوسوں کے منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ امن و امان کو قائم رکھنے کے لئے سیکورٹی انتطامات کو فول پروف بنانے کے سلسلے میں انکی طرف سے بھر پور تعاون قابل ستائش ہے اور وہ آئندہ بھی ان شاندار روایات کو قائم رکھیں گے۔ انہوں نے علماء کرام سے اپیل کی کہ وہ اپنے پیروکاروں میں صبر و تحمل ،برداشت ‘ پیار و محبت ‘ باہمی احترام ،اتحاد و اتفاق اور مذہبی روا داری کے جذبات کو فروغ دیں تاکہ پر امن اور فلاحی معاشرے کے قیام میں کوئی رکاوٹ نہ رہے تاکہ اسلام و ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو باہمی اتحاد سے خاک میں ملا یا جا سکے ۔ ڈی سی او اور سی پی او نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے کنٹرول رومز کا بھی دورہ کیا اور عید میلادالنبیؐ کے جلوسوں کی سیکورٹی کی مانیٹرنگ کے عمل کا معائنہ کیا ۔ دریں اثناء ڈی سی او کی ہدایت پر ضلعی محکمہ صحت کی طرف سے عید میلادالنبیؐ کے موقع پر چھ اہم مقامات جامع مسجد سنی رضوی جھنگ بازار ‘ دھوبی گھاٹ گراؤنڈ ‘ کوتوالی روڈ ‘ چوک گھنٹہ گھر‘ گمٹی چوک اور جھال خانوآنہ چوک میں خصوصی میڈیکل کیمپس لگائے گئے تھے جبکہ ایمبولینس گاڑیاں بھی جلوسوں کے ہمراہ موجود رہیں ایمرجنسی سروسز کے تمام اداروں کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے اور سرکاری ہسپتالوں میں مستعد طبی امداد کے لئے خصوصی انتطامات کئے گئے تھے جشن عید میلاالنبیؐ کا مرکزی جلوس جامع مسجد سنی رضوی جھنگ بازار سے برآمد ہوا جو ڈگلس پورہ ‘ کوتوالی روڈ ‘ امین پور بازار ‘ چوک گھنٹہ گھر ‘ کچہری بازار‘ سرکلر روڈ ‘ گمٹی چوک ‘ کارخانہ بازار سے گزرتا ہوا چوک گھنٹہ گھر اور جھنگ بازار میں دربار محدث اعظم میں جا کر اختتام پذیر ہوا ۔ دوسرا بڑا جلوس غلام محمد آباد میں دربار گجر پیر سے شروع ہو کر مختلف شاہراؤں سے گزرتا ہوا واپس دربار پر پہنچ کر ختم ہوا ۔ جلوس کی سیکورٹی کے لئے تین ہزار سے زائد سیکورٹی کے سٹاف نے ڈیوٹی کی ۔ عید میلادالنبیؐ کے موقع پر گلی کوچوں ‘ بازاروں ‘ شاہراؤں ‘ چوکوں اور مساجد کو رنگ برنگی جھنڈیوں ‘ بینروں اور دیگر آرائشی اشیاء سے سجایا گیا تھا جبکہ رات کے وقت مساجد ‘ نجی و سرکاری عمارتوں پر رنگ برنگی لائٹنگ خوبصورت منظر پیش کر رہی تھیں ۔ قبل ازیں دن کا آغاز مساجد میں نماز فجر کے بعد خصوصی دعاؤں ‘ ذکر الہی اور درود و سلام سے ہوا ۔ عاشقان رسول ؐ سائیکلوں ‘ موٹر سائیکلوں ‘ کاروں ‘ ٹرالیوں ‘ اونٹ ریڑھیوں اور دیگر گاڑیوں کو خوبصورتی سے سجا کر جلوسوں میں شریک ہوئے اور لوگوں کی بڑی تعداد میں کھانا ‘ پھل اور کھانے پینے کی دیگر اشیاء تقسیم کی گئیں۔ 

0 comments

Write Down Your Responses