انجمنِ عاشقانِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی جانب سے عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کی ریلی کا انعقاد

سنجھورو(رانا وقار حسین)دنیا بھر کی طرح سنجھورو میں بھی جشن عید میلاد النبی ﷺ بھرپور مذہبی جو ش و خروش سے منایا گیا ۔اس سلسلے میں ایک ریلی انجمنِ عاشقانِ رسول ﷺ کی جانب سے نکالی گئی اور جلسہ کا انعقاد کیا گیا۔ مرکزی ریلی غوثیہ مسجد سے شروع ہوئی جو شہر کے مختلف علاقوں سے گزر کر ٹیکسی اسٹینڈ پر اختتام پذیر ہوئی جہاں ریلی ایک جلسہ کی شکل اختیار کر گئی۔ریلی کے شرکاء نے اپنے ہاتھوں میں سبز پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر ’’ سر کار کی آمد مرحبا ‘‘ اور دیگر نعرے درج تھے۔جلوس میں بچوں سمیت ہر عمر کے افراد شریک تھے ۔ شرکاء بالخصوص بچے سرکار دو عالم ﷺ کی میلاد کی خوشی میں پر شگاف نعرے لگاتے رہے اور درود پاک اور نعت شریف پڑھتے رہے۔ جلوس کے راستوں میں مختلف مقامات پر جلوس کے شرکاء کی تواضع کے لئے شربت کی سبیل لگائی گئی تھیں جبکہ کئی جگہوں پر جلوس کے شرکاء میں مٹھائی بھی تقسیم کی گئی۔ٹیکسی اسٹینڈ پر جلسہ سے اجمنِ عاشقانِ رسولﷺ کے علماء کرام اور معززین نے خطاب کیا ۔ مقررین نے اپنے خطاب میں سیرت نبوی ﷺ پر روشنی ڈالی اور جشن عید میلاد النبی ﷺ منانے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

0 comments

Write Down Your Responses