زرعی یونیورسٹی فیصل آباد لیبارٹری سکولز کا دائرہ صوبے کے دوسرے اضلاع تک بڑھایا جائے گا،پروفیسرڈاکٹر اقرار احمدخاں

فیصل آباد( سلیم شاہ ،چیف انوسٹی گیشن سیل ) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد لیبارٹری سکولز کابورڈ آف گورنر بناتے ہوئے سکول کا دائرہ صوبے کے دوسرے اضلاع تک بڑھایا جائے گا۔ سکول کی انجمن طلبائے قدیم کو ایک موثر پلیٹ فارم کے طور پر متحرک کرنے کے ساتھ ساتھ ہر سال اس کا اجلاس بھی باقاعدگی سے منعقد کیا جائے گا۔ اس عزم کا اظہار زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقرار احمدخاں نے سکول کی ابتدائی انجمن طلبائے قدیم کے اجلاس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے اپنے خطاب کے دوران کیا۔ ڈاکٹر اقراراحمد خاں نے کہا کہ ہرچند لیبارٹری سکولز سے فارغ التحصیل ہونے والے ہزاروں نے طلبہ عملی و پیشہ وارانہ زندگی میں دنیا کے مختلف ممالک کے ساتھ ساتھ ملک کے کامیاب بزنس مین‘ بیوروکریٹ اور سول و فوجی اداروں میں نمایاں پوزیشنوں پر فائزہوکرسکول کا نام روشن کیا تاہم ان کی خواہش ہوگی کہ مستقبل میں انجمن طلبائے قدیم کا باقاعدہ سیکرٹریٹ قائم کرکے تمام ریکارڈ کو ڈیٹا بیس کا حصہ بنایا جائے تاکہ عملی زندگی میں کامیاب سابق طلبہ کیلئے ادارہ میں زیرتعلیم باصلاحیت مگر غریب نوجوانوں کیلئے تعلیمی وسائل کا اہتمام کیا جاسکے۔ سکول کے سابق طالب علم و نامور کاروباری شخصیت میاں محمد حنیف نے انجمن سابق طلباء کیلئے ابتدائی0.5ملین روپے عطیہ کا اعلان کرتے ہوئے جملہ اُمور کو موثرانداز میں آگے بڑھانے کیلئے نابغہ روزگار شخصیات پر مبنی بورڈ آف گورنربنانے کی ضرورت پر زور دیاتاکہ معیار تعلیم کو نئی بلندیوں سے ہمکنار کیا جا سکے۔ سکول کے ایک دوسرے سابق طالبعلم و مہمان اعزاز بریگیڈیئر حامد رضا نے سکول کا سابق طالب علم ہونے پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے تجویز پیش کی کہ سکول کے مختلف حصوں کو نامور سابق طلبہ کے ناموں سے منسوب کیا جائے تاکہ نوجوانوں میں بڑا آدمی بننے کی جستجو پیدا ہو۔ چیئرمین میڈیا کام ندیم آفتاب سندھو نے سابق طلبہ پر زور دیا کہ سکول میں زیرتعلیم ضرورت مند طلبہ کیلئے وظائف کا اہتمام کیا جائے ۔ کمیونٹی کالج کے پرنسپل پروفیسرڈاکٹر خلیل الرحمن نے بتایا کہ حال ہی میں ہائی سکولز کو ہائر سیکنڈری کی سطح پر ترقی دے دی گئی ہے جبکہ پارس سکول کو جلد ہی اپ گریڈ کرتے ہوئے سکول سسٹم کے دائرے کو ضلع کے مختلف علاقوں تک وسعت دی جائے گی۔ ہائر سیکنڈری سکول کے پرنسپل ڈاکٹر محمود الحسن‘ سردار محمد ساجد اور گلزار احمد نے بھی تقریب سے خطاب کیا

0 comments

Write Down Your Responses