زرعی یونیورسٹی فیصل آبادمیں طلبہ کیلئے واجبات کی ادائیگی کیلئے سہولت سنٹر کا افتتاح کر دیا گیا،طلباء و طالبات کیلئے علیحدہ علیحدہ کاؤنٹرز قائم

فیصل آباد( سلیم شاہ ،چیف انوسٹی گیشن سیل ) زرعی یونیورسٹی فیصل آبادمیں طلبہ کیلئے واجبات کی ادائیگی کیلئے سہولت سنٹر کا افتتاح کر دیا گیا۔ یونیورسٹی میں ٹریژر آفس کے زیراہتمام قائم کئے گئے نئے فیس سیکشن میں اب طلباء وطالبات شدید موسمی حالات میں بھی سہولت کے ساتھ فیس و دیگر واجبات کی ادائیگی کے جملہ اُمور سرانجام دے سکیں گے۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقرار احمدخاں نے ٹریژرعمر سعید قادری ‘ رجسٹرار چوہدری محمد حسین‘ کنٹرولر امتحانات شفقت اقبال سمیت تدریسی و انتظامی سٹا ف کے ہمراہ سہولت سنٹر کا افتتاح کیا۔ اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے بتایا کہ گزشتہ چار برسوں کے دوران طلباء و طالبات کی سہولت کیلئے متعدد اقدامات اٹھائے گئے ہیں جن کے تحت طلبہ سے متعلق اہم دفاتر ڈائریکٹوریٹ آف گریجوایٹ سٹڈیز‘ فنانشل ایڈ آفس اور فیس سیکشن کے فاصلوں کو سمیٹتے ہوئے انہیں جدید سہولیات سے آراستہ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ امسال یونیورسٹی میں زیرتعلیم طلبہ کی تعداد 16ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جس کیلئے زیرو پوائنٹ پر بینک سکوائر بھی تشکیل دیا جا رہا ہے جہاں طلباء و طالبات سہولت کے ساتھ فیس کی ادائیگی کر سکیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی سنڈیکیٹ نے آئندہ پندرہ سالوں کی منصوبہ بندی کرتے ہوئے بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور دیگر ضروریات کے پیش نظر ویژن 2030ء منظور کیا ہے جس میں مستقبل کے تعلیمی‘ تحقیقی اور اقامتی خدوخال کا خاطر خواہ انداز میں احاطہ کرتے ہوئے سمت کا تعین کیا گیا ہے۔سہولت سنٹر کے نمایاں پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے ٹریژر عمر سعید قادری نے بتایا کہ سنٹر میں نہ صرف طلباء و طالبات کیلئے علیحدہ علیحدہ کاؤنٹرز قائم کئے گئے ہیں بلکہ ان کی تعداد یمیں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے تاکہ کم وقت میں زیادہ اُمور سرانجام دیئے جا سکیں۔

0 comments

Write Down Your Responses