حکومت پنجاب نے جبری مشقت کے خاتمے اور بھٹہ جات پر کام کرنے والے غریب و محروم مزدوروں کی فلاح و بہبود کیلئے پروگرام کی ابتداء کر دی

بہاول پور ( انویسٹی گیشن ٹیم) حکومت پنجاب نے جبری مشقت کے خاتمے اور بھٹہ جات پر کام کرنے والے غریب و محروم مزدوروں کی فلاح و بہبود کیلئے پروگرام کی ابتداء کر دی ہے۔یہ بات ایڈیشنل کمشنررانا شہزاد سعید نے مقامی ہوٹل میں جبری مشقت کے خاتمہ کے پروگرام کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی کہی۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے ساتھ ساتھ معاشرہ کے تمام افراد کو اس پروگرام کو قومی فریضہ سمجھ کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ آفیسر لیبر جمشید فاروق ،پروگرام منیجر ملک نذیر ،اسلامیہ یونیورسٹی شعبہ سماجی بہبود کے اساتذہ آصف نوید رانجھا،منصور علی شاہ،ایگزیکٹیو ڈسٹرکٹ آفیسر تعلیم اشفاق گجر،منیجر صنعت زاراشتیاق احمداوربھٹہ جات کے مزدور و مالکان موجود تھے۔پروگرام منیجر ملک نذیر نے بتایا کہ مجموعی طور پرشروع میں چار اضلاع بہاولپور،فیصل آباد، گجرات اور سرگودھا میں بھٹہ جات پر کام کرنے والے محنت کشوں کی فلاح و بہبود کیلئے 19کروڑ60لاکھ روپے خرچ کیے جائیں گے ۔جبکہ رواں سال 2013-14ء میں ایک کروڑ روپے خرچ ہونگے۔انہوں نے بتایا کہ اس رقم سے 2سو غیر رسمی تعلیمی سینٹرز قائم کیے جائیں گے۔ جن سے 6ہزار بچے مستفید ہونگے۔انہوں نے بتایا کہ نوجوانوں کی تعلیم و تربیت کیلئے مزید 40سینٹرز قائم کیے جائیں گے۔انہوں نے بتایاکہ بھٹہ جات پر کام کرنے والے افراد اور انکے خاندانوں میں تعلیم اور صحت سے متعلق مکمل آگاہی فراہم کی جائے گی اور ان خاندانوں کو بلا سود قرضے بھی فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ محروم طبقات میں پیدا ہونے والے نومولود بچوں کی رجسٹریشن اور بڑوں کے شناختی کارڈ بنوانے میں معاونت فراہم کی جائے گی تاکہ ان کو قومی شناخت میسر آسکے۔بھٹہ ورکرز کو قانونی معاملات میں بھی معاونت فراہم کی جائے گی۔بھٹہ مزدوروں اور مالکان کے درمیان آجر و اجیرکنٹریکٹ مہیا کیاجائے گا۔جسے ایک قانونی حیثیت حاصل ہوگی۔ بھٹہ مزدوروں کی مشقت میں کمی کیلئے اینٹیں بنانے والی جدید مشینیں متراف کرائی جائیں گی۔انہوں نے بتایا کہ بھٹہ جات پر حکومت کی طرف سے طے کی جانے والی کم سے کم اجرت کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔اس موقع پر سیکرٹری پروگرام و ڈسٹرکٹ آفیسر لیبر جمشید فاروق نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے اس پروگرام کے ذریعے بھٹہ جات پر کام کرنے والے محنت کش مزدوروں کے مسائل کے حل کیلئے شروعات کر دی ہے۔ جس کیلئے مزید ٹھوس اقدامات بھی اٹھائے جائیں گے۔منیجرصنعت زار اشتیاق احمد نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے محروم طبقات کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات ایک قابل ستائش عمل ہے۔انہوں نے بتایاکہ لیبر اینڈ ہیومن ریسورس ڈیپارٹمنٹ اور انٹر نیشنل لیبرآرگنائزیشن سمیت دیگر سماجی و غیر سماجی تنظیموں کو اس پروگرام میں اپنا بھر پورکردار ادا کریں گی۔آخر میں ایگزیکٹیو ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن اشفاق گجر نے کہا کہ بچوں کی تعلیم و تربیت کیلئے ادارہ کی طرف سے ہر ممکن معاونت فراہم کریں گے۔

0 comments

Write Down Your Responses