سہولت بازاروں کی بدولت ناجائز منافع خوروں کی کمر ٹوٹ جائے گی، گرانفروشوں کے خلاف کڑی کارروائی کی جارہی ہے،نور الامین مینگل

فیصل آباد (سلیم شاہ ،چیف انوسٹی گیشن سیل)ڈویژنل کمشنر سردار اکرم جاوید‘ آر پی او محمد نواز وڑائچ اور ڈی سی او نور الامین مینگل نے شہر کے سہولت بازاروں کا دورہ کیا اور وہاں اشیاء کی قیمتوں و معیار اور انتظامی امور کا معائنہ کیا ۔ انہوں نے مختلف سٹالوں پر جا کر سبزیوں ‘ پھلوں ‘ دالوں اور دیگر اشیاء ضروریہ کی دستیابی کو چیک کیا اور ڈیوٹی افسران کو ہدایت کی کہ عوامی سہولت کے لئے مختلف اشیاء کے الگ الگ بلاکس بنائے جائیں اور سٹالوں پر اشیاء کی دستیابی ان کے معیار اور قیمتوں کو بار بار چیک کریں تاکہ کوئی سٹال ہولڈر عوام کو دھوکہ نہ دے سکے ۔ اس موقع پر انہوں نے خریداری کے لئے آئے ہوئے صارفین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر ڈویژن بھر میں سہولت بازاروں کا انعقاد کیاگیا ہے تاکہ عوام کو کنٹرول نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ عام بازاروں میں بھی قیمتوں کی جانچ پڑتال کا سلسلہ جاری ہے اور گرانفروشوں کے خلاف کڑی کارروائی کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سہولت بازاروں کی بدولت ناجائز منافع خوروں کی کمر ٹوٹ جائے گی ۔دریں اثناء ڈی سی او نور الامین مینگل نے انفرادی طور پر اسلام نگر ‘ مہدی محلہ اور دیگر علاقوں میں سہولت بازاروں کا معائنہ کرتے ہوئے وہاں میڈیکل کیمپ لگانے ‘ صفائی ستھرائی اور سیکورٹی کو بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ گاڑیوں کی پارکنگ کا محفوظ بندوبست ہونا چاہئے 

0 comments

Write Down Your Responses