یوتھ فیسٹیول سپورٹس کے میدان میں نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کا ناصرف بہترین ذریعہ ہے


بہاولنگر ( انویسٹی گیشن ٹیم) ڈی سی او بہاولنگر محمد ارشاد حسین شاہ نے کہا ہے کہ یوتھ فیسٹیول سپورٹس کے میدان میں نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کا ناصرف بہترین ذریعہ ہے بلکہ سپورٹس کی سرگرمیوں سے نوجوانوں کو مثبت رجحانات کی طرف مائل کرنے کا بھی سبب بنے گا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کا سپورٹس کے فروغ کے حوالے سے جو ویژن ہے اس کی تقلید ناصرف دوسرے صوبے کر رہے ہیں بلکہ پنجاب یوتھ فیسٹیول کی عالمی سطح پر بھی ستائش کی جا رہی ہے۔ یہ بات انہوں نے ڈی سی او آفس کے کمیٹی روم میں وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق ضلع بہاولنگر میں پنجاب یوتھ سپورٹس فیسٹیول کے ضمن میں منعقدہ خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں صوبائی پارلیمانی سیکرٹری وائلڈ لائف و فشریز میاں فدا حسین کالوکا وٹو، ایم پی ایزرانا عبدالرؤف، محمد زاہد اکرم ، مختلف محکموں کے ای ڈی اوز ، ڈی او سی ، ڈسٹرکٹ و تحصیل سپورٹس افسران اور ٹی ایم اوز نے شرکت کی۔ صوبائی پارلیمانی سیکرٹری میاں فدا حسین کالوکا وٹو نے اجلاس میں کہا کہ کھیل کے میدان آباد کرنے سے ہی ہم ایک صحت مند قوم بن سکتے ہیں اور یوتھ فیسٹیول وزیر اعلیٰ کا انقلابی قدم ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ یوتھ فیسٹیول 23 دسمبر سے شروع ہو گا اور ضلع کے سطح کے مقابلے 5 فروری تک جاری رہیں گے۔ شیڈول کے مطابق ویلج لیول کے مقابلے 23 دسمبر سے یکم جنوری تک ہوں گے، یونین کونسل سطح کے مقابلے 5 جنوری تا 14 جنوری، تحصیل سطح کے مقابلے 18 تا 26 جنوری اور ضلع کی سطح کے مقابلے 29 جنوری تا 5 فروری تک ہوں گے۔ 

0 comments

Write Down Your Responses