وزیر اعلی کا پنجاب یوتھ انٹرن شپ پروگرام 2013-14 یکم جنوری سے شروع

ڈیرہ غازیخان (انویسٹی گیشن ٹیم) کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن محمد امین چودھری نے کہا ہے کہ وزیر اعلی کا پنجاب یوتھ انٹرن شپ پروگرام 2013-14 یکم جنوری سے شروع ہو کر 30 جون 2014 تک جاری رہے گا اور 20 ہزار پڑھے لکھے 16 سے 30 سال کی عمر کے نوجوانو ں کو چھ ماہ کیلئے 12000 روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا جبکہ اس سے پہلے دس ہزار روپے وظیفہ دیاجاتاتھا . وظیفہ پنجاب بنک سے ایزی پے کارڈ کے ذریعہ وصول کیا جاسکے گا . اور اس سلسلے میں نوجوانوں کی فنی تربیت کیلئے صنعتی وپرائیویٹ شعبے کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں . انہوں نے یہ بات کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں منعقدہ پنجاب یوتھ انٹرن شپ پروگرام کے پہلے آگاہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی . انہوں نے کہاکہ وزیر اعلی نے بے روزگاری کے خاتمے کا مصمم ارادہ کیاہوا ہے . انہوں نے انڈسٹری اور پرائیویٹ شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اداروں میں افرادی قوت کی ضرورت کی فہرست جلد جمع کرا دیں انہوں نے کہاکہ انٹرنیز کی حاضری کمپیوٹرائزڈ ہو گی . ایڈیشنل سیکرٹری سپورٹس پنجاب جاوید اختر محمود نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب یوتھ انٹرن شپ پروگرام ڈیڑھ ارب روپے سے شروع کیاجارہا ہے . 16000 نوجوانوں کو پرائیویٹ شعبہ اور چار ہزار کو سرکاری شعبہ میں تربیت دی جائے گی تاکہ وہ اپنے پاؤں پر کھڑے ہو کر روزگار کمانے کے قابل ہو سکیں . انہوں نے کہاکہ اس پروگرام کیلئے فریش ڈپلومہ ہولڈرز ، سب انجینئرز ، ٹیکنیشنز ، لائیو سٹاک ، زراعت ، فارمیسی ، ایم بی اے ، کمپیوٹر سائنس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تعلیمی قابلیت کے حامل نوجوان آن لائن درخواستیں دے سکیں گے . انہوں نے کہاکہ پنجاب کے ڈومیسائل ہولڈرانٹرنیز کو ان کے گھروں کے نزدیک ترین اداروں میں تربیت دی جائے گی اور ضلع سطح پر ڈی او انٹر پرائزز کو فوکل پرسن مقررکیاگیاہے جو روزانہ کی بنیاد پر حاضری رپورٹ پیش کریں گے جبکہ ضلع سطح پرمتعلقہ ڈی سی او ذمہ دار ہوں گے اور اس پروگرام کا پنجاب سٹیئرنگ کمیٹی ماہانہ جائزہ لے گی جس کے چیئرمین پی اینڈ ڈی کے چیئرمین مقرر کیے گئے ہیں . انہوں نے کہاکہ پرائیویٹ شعبہ بھی اپنا فوکل پرسن مقرر کرے . جاوید اختر محمود نے کہاکہ درخواست دہندگان آن لائن رجسٹریشن کیلئے http:pyip.punjab.gov.pk/pyip_demand_private.aspx اور ای میل pyip@punjab.gov.pk جبکہ ہیلپ لائن htlp.pyip@pitb.gov.pk پر رابطہ کیاجاسکتاہے . ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر ڈیرہ غازیخان محمد آصف قریشی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلی کے پنجاب یوتھ انٹرن شپ پروگرام کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا او راس سلسلے میں تمام دستیاب بروئے کارلائے جائیں گے . اجلاس میں اے ڈی سی راجن پور محمد امین اویسی، ریذیڈنٹ ڈائریکٹر ڈی جی خان آرٹس کونسل واحد بخش جتوئی ، ایچ آر آفیسر پی آئی ٹی پی فرحان اکبر ، ڈی او انٹر پرائز ڈیرہ غازیخان و راجن پور بالترتیب شفیق احمد کھوسہ او ر رشید محمد ، ذوالفقار علی خان نصوحہ ، میجر اسلم باجوہ اور محمد مجاہد کے علاوہ متعلقہ افسران نے شرکت کی .

0 comments

Write Down Your Responses