زرعی یونیورسٹی فیصل آباد جدید سائنسی علوم کو فروغ دینے کے لیے لیبارٹریوں کو عالمی معیا ر کے مطابق اپ گریڈ کر رہی ہے،وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد

فیصل آباد( سلیم شاہ ،چیف انوسٹی گیشن سیل ) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد جدید سائنسی علوم کو فروغ دینے کے لیے لیبارٹریوں کو عالمی معیا ر کے مطابق اپ گریڈ کر رہی ہے۔یہ بات یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے شعبہ کیمسٹری و بائیو کیمسٹر ی کے زیر اہتمام اقبال آڈیٹوریم میں منعقدہ سالانہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب کے دوران بتائی۔انہوں نے کہا کہ کیمسٹری اور بائیو کیمسٹری کے بغیر عملی سائنس کی تکمیل ممکن نہیں یہی وجہ ہے کہ یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کرنے والے 1088سکالرز میں سے 126کا تعلق انہی دو شعبوں سے ہے۔انہوں نے کہا کہ اس شعبے سے بڑی اعلی شخصیات ملکی اور بین الاقوامی افق پر سامنے آئی ہیں۔ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ ملکی تعلیمی شعبے میں مذکورہ شعبوں سے علم حاصل کرنے والے ہزاروں سائنسدان خدمات سر انجام دے رہے ہیں جن کی قابلیت پر یونیورسٹی ہمیشہ فخر کرتی رہے گی۔انہوں نے شعبے کے سابق چیئرمین و ڈین ڈاکٹر منیر احمد شیخ کی خدمات کو سراہتے ہوئے اسے یونیورسٹی کے لیے گرانقدر سرمایہ قرار دیا ۔ ان سے پہلے ڈین کلیہ سائنسز ڈاکٹر محمد جاوید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کلیہ کیمسٹری و بائیو کیمسٹری کے شعبوں میں نصابی سطح پر جدید رجحانات متعارف کرا رہی ہے تاکہ نئی نسل کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ سپیشلائزیشن وقت کی اہم ترین ضرورت ہے لہذا نوجوانوں کو اپنے اہداف طے کرنے سے پہلے اس بارے میں ضرور سوچنا چاہیے۔چئیرمین شعبہ کیمسٹری و بائیو کیمسٹری ڈاکٹر محمد اصغر باجوہ نے کہا کہ اس شعبے سے فارغ التحصیل ہونے والی شخصیات میں سے متعدد کو مختلف جامعات کے وائس چانسلر بننے کا اعزاز بھی حاصل رہا ہے۔

0 comments

Write Down Your Responses