سپیشل بچوں کو معذور سمجھ کر نظرانداز کرنا انسانیت کی توہین ہے

ڈیرہ غازیخان (ایم وی این نیوز) .ڈی سی او ڈیرہ غازیخان محمد آصف قریشی نے کہا ہے کہ سپیشل بچوں کو معذور سمجھ کر نظرانداز کرنا انسانیت کی توہین ہے. ان بچوں کو ہم اپنی توجہ اور بہترین تعلیم و تربیت سے معاشرے کیلئے کارآمد بنا سکتے ہیں . معذور بچیوں کیلئے علیحدہ گرلز ہائی سکول کے قیام ،ٹیچنگ و نان ٹیچنگ سٹاف کی کمی کو جلد پورا کرنے اور سپیشل بچوں کیلئے وہیل چیئرز کی خریداری کیلئے دو لاکھ روپے کی گرانٹ دینے کی منظوری . انہوں نے ان خیالات کااظہار ڈی جی خان آرٹس کونسل کے آڈیٹوریم میں ادارہ سپیشل ایجوکیشن کے زیر اہتمام معذوروں کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا. ڈی سی او نے کہاکہ خصوصی افراد ہمارے معاشرے کااہم حصہ ہیں . ان کی دیکھ بھال ہم سب کی مذہبی ،اخلاقی اور قومی ذمہ داری ہے . انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب معذور افراد کے مسائل کے حل اور زندگی کے تمام شعبہ جات میں ان کی حوصلہ افزائی کیلئے مثالی اقدامات کر رہی ہے اس کے علاوہ تمام سرکاری اداروں میں ان کیلئے ملازمتوں کے کوٹہ پر سو فیصد عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہاہے . انہوں نے قوت گویائی سے محروم خصوصی بچوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کرنے کیلئے بہترین تقریب کے انعقاد پر اداروں کے سربراہوں اوراساتذہ کاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی بھر پو رکوشش ہے کہ خصوصی افراد کے ٹیلنٹ کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کی جائے اور ملک کی ترقی میں انہیں آگے بڑھنے کیلئے بھر پور مواقع
فراہم کیے جائیں . ڈی سی ا و نے معذور افراد کے والدین سے کہاکہ وہ اپنے بچوں کو بوجھ سمجھنے کی بجائے انہیں سپیشل ایجوکیشن سنٹروں میں داخل کرائیں تاکہ ان کی بہتر تربیت کر کے معاشرہ کا کارآمد شہری بنایاجاسکے . ڈی سی او نے کہاکہ ذہنی و جسمانی طو رپر معذور بچوں کی بحالی کسی عبادت سے کم نہیں ہے . سول سوسائٹی اور این جی اوز معذور بچوں کی بحالی اور دیکھ بھال کیلئے اہم کردار ادا کریں . تقریب سے ای ڈی او سی ڈی فاروق احمد اور ڈی ای او سپیشل ایجوکیشن ملک سعید احمد نے معذوروں کے عالمی دن پر روشنی ڈالتے ہوئے مہمان خصوصی کی توجہ سپیشل ایجوکیشن اداروں کو درپیش مسائل کی طرف دلائی . ڈی سی او نے کہاکہ کالج سطح تک تعلیم حاصل کرنے والے معذور بچوں کیلئے کالج کے قیام کیلئے ضروری سفارشات حکومت پنجاب کو ارسال کردی گئی ہیں . قبل ازیں تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک و حمد ونعت سے ہوا . نظامت کے فرائض شفیق احمدنے سرانجام دیئے . تقریب میں ڈائریکٹر تعلقات عامہ واحد بخش جتوئی ، ڈی او پی ڈی ایم اے رفیق احمد لنڈ ،سکولوں کے اساتذہ ، طلباووطالبات ، سیاسی و سماجی شخصیات کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراداور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی .تقریب میں گورنمنٹ ہائی سکول گونگے و متاثرہ سماعت ڈیرہ غازیخان ، گورنمنٹ سکینڈری سکول برائے نابینا ڈیرہ غازیخان ، گورنمنٹ ہائی سکول برائے جسمانی معذوراں اور گورنمنٹ ہائی سکول برائے سلو لرنرز کے طلباؤطالبات نے ملی نغمے ، ٹیبلو ، گیت ، مزاحیہ خاکے ، لڈی ڈانس اور بلوچی جھومر خوبصورت انداز میں پیش کیے. آخر میں مہمان خصوصی ڈی سی او نے بہترین پرفارمنس دکھانے والے معذور طلباؤطالبات میں انعامات تقسیم کیے .

0 comments

Write Down Your Responses