پنجاب یوتھ فیسٹیول 2013-14ء کے تحت کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کو عالمی معیار کے مطابق سہولیات فراہم کی جائیں گی

بہاول پور (ایم وی این نیوز ) پنجاب یوتھ فیسٹیول 2013-14ء کے تحت کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کو گاؤں،تحصیل اورڈسٹرکٹ سطح پر کھیلوں کے عالمی معیار کے مطابق سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ یہ بات ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن آفیسر عمران سکندر بلوچ نے اپنے دفتر کے کمیٹی روم میں منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بتائی۔انہوں نے کہاکہ کھیلوں کے مقابلوں میں نوجوانوں کو خصوصی طور پر نمائندگی دی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے سپورٹس اینڈ یوتھ ڈویلپمنٹ کونسلز کی تشکیل نو عمل میں لائی جا رہی ہے جس کا نوٹیفکیشن جلد جاری کر دیا جائے گا۔اجلاس میں بتایا گیاکہ کھیلوں کے مقابلوں میں شرکت کے خواہشمند نوجوان رجسٹریشن فارم متعلقہ سیکرٹری یونین کونسل سے فارم حاصل کر سکتے ہیں۔اجلاس میں بتایا گیا کہ دیہات اور گاؤں کی سطح پر مقابلوں کے انعقاد کے ساتھ ساتھ رجسٹریشن کا عمل بھی اسی سطح پر کیا جائے گا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ویلج کی سطح پر نعت خوانی، قرآت،رسہ کشی،پنجہ آزمائی،دوڑ،بیڈمنٹن،بلیرڈ و سنوکر،کرکٹ اور والی وال کے 9مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔اسی طرح یونین کونسل کی سطح پر 21،تحصیل سطح پر 61اور ضلعی سطح پر مختلف 56سپورٹس و نا ن سپورٹس کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ آفیسر سپورٹس مہر عبدالرشید،ڈی او سی ارشد گو پانگ،متعلقہ تحصیلوں کے سپورٹس افسران اور سیکرٹریز یونین کونسلز بھی موجود تھے۔

0 comments

Write Down Your Responses