صالح کردار کے حامل اصحاب ہی اللہ کے قریب ہوتے ہیں

سرگودھا (ایم وی این نیوز) صالح کردار کے حامل اصحاب ہی اللہ کے قریب ہوتے ہیں اور جنہیں اللہ کا قرب حاصل ہو جائے وہ پوری انسانیت کیلئے امن فلاح ،خوشحالی اور ترقی کے ضامن ٹھہرتے ہیں ،ایسے ہی محترم بزرگ ہستیوں میں حضرت میاں سراج ا لدین سراج قادریؒ ؒ ؒ کا شمار ہوتا ہے جنہوں نے پوری زندگی اسلام کے اصولوں کی ترویج لوگوں میں اتحاد و محبت کے رشتوں کو مضبوط بنانے اور روحانیت کے اعجازات کو عام کرنے میں گزاری ۔حضرت ہمارے لئے ایک عملی نمونہ حیات ہیں جن کا اوڑھنا بچھونا یاد مصطفی ﷺ تھا ۔ان خیالات کا اظہار حضرت میاں سراج الدین سراج قادری ؒ کے بادشاہ پور شریف میں منعقدہ 16ویں سالانہ عرس مبارک کے موقع پر ایک بہت بڑے اجتماع اور روحانی محفل سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کیا ۔عرس تقریبات کی صدارت سجادہ نشیں درگاہ عالیہ، سراجیہ، قادریہ بادشاہ پور صاحبزادہ میاں توقیر احمد فائق فیڈرل چیئرمین سروسز ٹربیونل نے کی ۔جبکہ بطور مہمان خصوصی حضرت پیر سید حسن الامیر گیلانی نے شرکت کی ۔مقررین نے حضرت میاں سراج الدین سراج قادری کی دینی وعلمی خدمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک باعمل صوفی بزرگ تھے ۔اور ان کی محفلوں میں شریک لوگ پاکیزہ کلام سے وجد میں رہتے اور یاد اللہ سے لو لگاتے تھے۔ ان کی محفلوں سے اُٹھ کر جانے والے معاشرہ میں قرآن اور سنت نبوی ﷺ کو عملاً پھیلانے کا سبب بنتے مقررین نے کہا کہ حضرت میاں سراج الدین سراج قادری ؒ کے جانشیں فرزندصاحبزادہ میاں توقیر احمد فائق قادری ،صاحبزادہ ڈاکٹر میاں تنویر احمد شائق قادری ،صاحبزادہ میاں وقار عظیم قادری اور صاحبزادہ میاں اقتدار جاوید قادری جس طرح حضرت ؒ کے کام کو دوام دئیے ہوئے ہیں وہ مبارکباد کے مستحق ہیں ۔ان کی کاوشوں سے حضرت میاں سراج الدین سراج قادری ؒ کا دربار روحانیت کی ترویج کا منبع بنا ہوا ہے ۔اور ہزاروں لوگ فیض پا رہے ہیں ۔مقررین نے کہا کہ ہر مسلمان قرآن وسنت کے مطابق اپنی زندگی کو ڈھالے تو کوئی وجہ نہیں کہ پوری دنیا پر غلبہ اسلام نہ ہو اور مسلمان فلاح وترقی اور امن کے پوری انسانیت کیلئے ضامن ٹھہریں ۔حضرت سراج قادری ؒ کے عرس کے موقع پر محفل سماع کا انعقاد بھی ہوا جس میں ٹی ۔وی ریڈیو آرٹسٹ انور پاشا نے کلام پیش کرکے شرکاء محفل پر وجدانی کیفیت طاری کر دی اور لوگوں نے اپنی جھولیوں کو اللہ کی رحمت ونصرت اور نبی اکرمﷺکی محبت سے بھرا۔عرس پاک کے اختتام پر حضرت سراج قادری ؒ کے صاحبزادہ میاں توقیر احمد فائق نے دعا کراتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ قائم رہنے کیلئے بنا اس کی بنیاد اسلام تھی اس لئے اس میں اسلامی معاشرہ کے حقیقی قیام سے ہی ہم ترقی کی منازل طے کرسکتے ہیں اللہ ہمیں پاکستان کے نظریاتی مقاصدپر قائم رہنے کی ہمت و توفیق دے حضرت میاں سراج الدین سراج قادری ؒ جیسے اصحاب نے قیام پاکستان کیلئے بے لوث خدمات انجام دیں اور ان کا یہ چلن پاکستان کو ایک حقیقی اسلامی ریاست بنانے کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنا تھا۔ اتحاد اور عمل کی قوت سے ہمیں اللہ نوازے اور ہم دشمنوں کی شورشوں سے محفوظ رہیں 

0 comments

Write Down Your Responses