ڈرون حملے بین الاقوامی جرم قراردیے جانے کے بعدبھی ،حکومت میں ڈرون گرانے کی جرات نہیں،امجد وڑائچ

فیصل آباد (سلیم شاہ ،چیف انوسٹی گیشن سیل) چیئرمین پاکستان نیشنل مسلم لیگ چوہدری امجد علی وڑائچ نے کہا ہے کہ ڈرون حملوں کے خلاف اقوام متحدکی جنرل اسمبلی میں قراردادمنظور کرانے کے بعدبھی حکومت میں پاکستانی سرزمین پرحملہ کرنے والے ڈرون طیارے گرانے کی جرات نہیں ہے۔عالمی سطح پرپاکستان کے موقف کوتسلیم کئے جانے اورڈرون حملوں کوبین الاقوامی جرم قراردیے جانے کے بعداب حکمرانوں کے پاس ڈرون نہ گرانے کاکوئی جوازنہیں مگر بدقسمتی سے میاں نوازشریف کومقامی اوربین الاقوامی قوتوں سے حکومت ملی ہے حق حکمرانی نہیں ملااس لئے وہ ڈرون گرانے کاحکم نہیں جاری کریں گے۔انہوں نے کہاکہ سابق ڈکٹیٹرپرویزمشرف نے ڈالروں کے عوض پاکستان کوامریکہ کی کالونی بنادیاجب چاہئے امریکہ ڈرون طیاروں سے پاکستان کی سلامتی اورخودمختاری پرحملہ کرکے بے گناہ پاکستانیوں کوموت کے گھاٹ اتاردیتاہے۔موجودہ حکمران بھی20کروڑپاکستانیوں کی بجائے اغیارکے ایجنڈے پرکام کررہے ہیں۔اگرانہیں پاکستان کی سلامتی،خودمختاری عزیزاورقوم کی حمایت حاصل ہے تووہ خارجہ پالیسی پرنظرثانی کریں۔انہوں نے کہاکہ مہنگائی کوکنٹرول کرنے اورمہنگائی سے بدحال لوگوں کوریلیف دینے کے لئے موجودہ حکمرانوں کابھی کوئی کردارنہیں اورنہ وہ پیپلزپارٹی کی جگہ لے کرکوئی مثبت تبدیلی لاسکے ہیں۔موجودہ حکمرانوں نے بجلی اورپٹرول کی قیمتوں میں بارباراضافہ کرکے غریب لوگوں کے سروں سے چھت،تن کے کپڑے اورمنہ سے روٹی کانوالہ بھی چھین لیاہے۔انہوں نے کہاکہ شریف حکومت امریکہ اورآئی ایم ایف کے زنجیروں میں جکڑی ہوئی ہے۔خودمختارملک کے فیصلے کسی دوسری جگہ سے ہورہے ہیں اورشریف برادران حکمرانی کی بجائے حکومت حاصل کرکے راضی ہیں ۔

0 comments

Write Down Your Responses