قوالی کے فن کو زندہ رکھنے کے لئے اقبال سٹیڈیم کے قریب قوالی اکیڈمی بنائی جائے گی،ڈی سی او نور الامین مینگل

فیصل آباد (سلیم شاہ ،چیف انوسٹی گیشن سیل)ڈی سی او نور الامین مینگل نے اعلان کیاہے کہ قوالی کے فن کو زندہ رکھنے کے لئے اقبال سٹیڈیم کے قریب قوالی اکیڈمی بنائی جائے گی اس سلسلے میں منصوبے کی تیاری کے لئے متعلقہ افسران کو حکم جاری کر دیا گیا ہے ۔ انہوں نے یہ اعلان چوک گھنٹہ گھر میں معروف قوال مہر علی شیر علی سے ملاقات کے دوران کیا ۔ اراکین صوبائی اسمبلی حاجی خالد سعید ، چوہدری فقیر حسین ڈوگر ، بزرگ تاجر حاجی بشیر احمد ،اسسٹنٹ کمشنر ( سٹی ) ظہیر انور جپہ ، ڈائریکٹر لائل پور میوزیم میاں عتیق احمد بھی اس موقع پرموجود تھے ۔ ڈی سی او نے نامور قوال مہر علی شیر علی کے انداز گائیکی کو سراہتے ہوئے کہا کہ فنون لطیفہ میں قوالی کو بھی اہم مقام حاصل ہے اور یہ فن نہ صرف تصوف ، امن و سلامتی اور پیار و محبت کے پیغام کے فروغ کے لئے منفرد حیثیت رکھتا ہے بلکہ تاریخی ورثہ بھی ہے جس کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ آرٹ کونسل کی عمارت میں نصرت فتح علی خاں گیلری قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ عظیم گلوکار کی زندگی اور فن سے آگہی کے لئے میوزیم کا درجہ رکھے گی ۔ مہر علی شیر علی نے ڈی سی او نور الامین مینگل کے قوالی کے فن کے بارے میں اچھے خیالات اور ثقافتی ورثہ کے تحفظ کے وژن کو سراہا ۔ ڈی سی او نے گھنٹہ گھر کی تزئین و بحالی کے کام کامعائنہ کرتے ہوئے کہا کہ اس تاریخی یادگار کو مزید پرکشش اور خوشمنا بنایا جارہا ہے ۔ 

0 comments

Write Down Your Responses