زرعی انکم ٹیکس سمیت دیگر سرکاری واجبات کی سو فیصد وصولی کے لئے نادہندگان کے خلاف بلا تفریق کارروائی عمل میں لائی جائے : ڈی سی او لودھراں خالد سلیم

لودھراں (انویسٹی گیشن ٹیم) ڈی سی او خالد سلیم نے کہا ہے کہ زرعی انکم ٹیکس سمیت دیگر سرکاری واجبات کی سو فیصد وصولی کے لئے نادہندگان کے خلاف بلا تفریق کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے کہا کہ مقرر کردہ ریونیو ٹارگٹ کے حصول کیلئے تمام تر صلاحتیں بروئے کار لائی جائیں۔انہوں نے کہاکہ ریونیو آفیسران اختیارات کے بروقت استعمال اور قواعد و ضوابط کے مطابق سرکاری واجبات کی وصولی بہتر بنائیں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے اپنے دفتر کے کمیٹی روم میں ضلع بھر کے محکمہ مال کے آفیسران کے اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کیا۔ اے ڈی سی واجد علی ، ڈی او سی اشتیاق احمد ، تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنر ز اور ریونیو افسران موجو د تھے۔ ڈی سی او خالد سلیم نے کہا کہ ضلع لودھراں میں زرعی انکم ٹیکس کی وصولی کیلئے دی گئی ہدایات کے مطابق فرائض سر انجام دیئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ زرعی انکم ٹیکس حاصل کرنا حکومتی ذمہ داری اور جمع کرانا کاشتکار کی ذمہ داری ہے۔ اس لئے دونوں کو اپنی اپنی ذمہ داری بروقت اور برطریق احسن نبھانی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکاروں کو قواعد و ضبوابط اور زرعی انکم ٹیکس جمع کرانے کے شیڈول سے مکمل آگاہی دی جائے اور پھر بھی تعاون نہ کرنے پر کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں موضع کی سطح پر اور میٹھے پانی کے علاقوں سمیت دیگر زرعی رقبہ جات کے زرعی انکم ٹیکس کا مکمل ریکارڈ ہر وقت تیار کھا جائے تاکہ ضرورت پڑنے پر کام آسکے۔ ڈی سی او نے تمام ریونیو آفیسران کو آئندہ منگل تک گذشتہ 5ماہ کے درج شدہ انتقالات اور سروس سٹیمپس کا درست اور مکمل ریکارڈ لانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ خالی باتوں اور وعدوں سے کام نہیں چلے گا۔ جو ریونیو آفیسر صحیح کام کرے گا اُ س کو شاباش بھی ملے گی اور جو غفلت اور کوتاہی برتے گا اس پر وہ جواب دہ بھی ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ جدید خطوط پر واجبات کی وصولی کو یقینی بنایا جائے اور ایک ایک روپے کا مکمل کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ محفوظ رکھاجائے۔

0 comments

Write Down Your Responses