یورپ یونین پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے،سہیل بن رشید

فیصل آباد( سلیم شاہ ،چیف انوسٹی گیشن سیل ) صدر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری انجینئر سہیل بن رشید نے یورپی یونین کے سفیر لارس گنارویگے مارک کی طرف سے لاہور میں یورپ اور پاکستان کے مابین نئی سرمایہ کاری اور تجارتی مواقعوں بارے منعقدہ سیمینار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یورپ یونین پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔ یورپی یونین کے ساتھ پاکستان کا 2012 میں تجارتی حجم 9 بلین یورو کے قریب تھا اس کے علاوہ یورپی یونین پاکستان میں تکنیکی معاونت اور ووکیشنل ٹریننگ کے شعبہ جات میں بھی خاطر خواہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیمینار میں سرمایہ کاری، توانائی، ٹریڈ پالیسی سمیت یورپی یونین کے ساتھ تجارتی فروغ کے امور پر تفصیلاً بریفنگ دی گئی اور ملک بھر سے بزنس لیڈرشپ نے بھرپور شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ سیمینار میں موجود یورپ کی مختلف کمپنیوں کے نمائندگان نے بھی شرکت کی اور پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار کیا جس سے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں مزید اضافہ ہوگا جبکہ پہلے ہی یورپی یونین کا پاکستان کی کل سرمایہ کاری میں 36فیصد حصہ ہے۔ اس موقع پر ان کی ملاقات یورپی ممالک کے سفیروں سے بھی ہوئی اور انہوں نے یورپی یونین کی طرف سے پاکستان کو یکم جنوری 2014 ء سے ملنے والے جی ایس پی پلس درجہ کے اقدام کو سراہا اور کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کی جنگ میں 50 ہزار قیمتوں جانوں کا نذرانہ دیا ہے جبکہ اسے 100 بلین ڈالر کے معاشی نقصان کا بھی سامنا کرنا پڑا ہے۔ اس صورتحال میں یورپی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کی ڈیوٹی فری رسائی خوش آئند اقدام ہے۔

0 comments

Write Down Your Responses