چینی ٹیکنالوجی کے حامل بیگ ٹائپ بائیو گیس پلانٹ کی تنصیب کا عمل زرعی یونیورسٹی فیصل آبادشروع کر دیا گیا

فیصل آباد( سلیم شاہ ،چیف انوسٹی گیشن سیل ) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں چینی ٹیکنالوجی کے حامل بیگ ٹائپ بائیو گیس پلانٹ کی تنصیب کا عمل شروع کر دیا گیا ہے جو ایک ماہ میں مکمل ہوکر پیداوارشروع کر دے گا۔ چالیس کیوبک میٹر پلانٹ کی تنصیب اور تعمیراتی کام شروع کرنے کے حوالے سے کلیہ زرعی انجینئرنگ کے زیراہتمام خصوصی تقریب یونیورسٹی ڈیری فارمرز کے عقب میں واقع بائیوگیس پلانٹ پر ہوئی جس کے مہمان خصوصی یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقرار احمد خاں تھے۔ تعمیراتی کام کاافتتاح کرتے ہوئے انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ صرف 60جانوروں کے فضلہ سے چلنے والا چینی بائیوگیس پلانٹ یونیورسٹی انجینئرز اور نوجوانوں کیلئے نئی تحقیقات اور تجزیئے کا موقع فراہم کرے گا۔ ڈاکٹر اقرار احمدخاں نے کہا کہ چینی کمپنی کا تیار کردہ بائیو گیس پلانٹ اس حوالے سے منفرد ہے کہ اسے تھوڑے عرصے میں کسی دوسری جگہ منتقل بھی کیا جا سکتا ہے تاہم اس کی کارکردگی کو پاکستانی ماہرین کے تیار کردہ پلانٹ سے جانچنے اور سہولیات کاجائزہ لینے کی ذمہ داری نوجوان انجینئرز کے سپرد کی جانی چاہئے۔انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی انجینئرز کے ڈیزائن کردہ بائیو گیس پلانٹ کو کارکردگی اور نتائج کے حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبا ز شریف کی طرف سے قابل عمل ماڈل قرار دیا گیا ہے یہی وجہ ہے کہ یونیورسٹی کے انجینئرز صوبے میں چھوٹے کسانوں کیلئے ایک لاکھ بائیوگیس پلانٹس کی تنصیب میں حکومت پنجاب کو ٹیکنیکل سپورٹ فراہم کر رہے ہیں۔ چینی انجینئرزژوینگ ڈونگ ‘ٹینگ گیونگوا‘ ڈین کلیہ زرعی انجینئرنگ و ٹیکنالوجی پروفیسرڈاکٹر محمد اقبال ‘ ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر راؤ آصف علی‘ ڈائریکٹر اکیڈمکس ڈاکٹر رشید ا حمد‘ ڈائریکٹر فارمز ڈاکٹر غلام مرتضیٰ سندھو‘ ڈاکٹر انجم منیر‘ ڈاکٹر شفیق انور و دیگر بھی موجود تھے۔ 

0 comments

Write Down Your Responses