زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے زیراہتمام دو روزہ گل داؤدی و موسم خزاں کے پھولوں کی نمائش اختتام پذیر

فیصل آباد( سلیم شاہ ،چیف انوسٹی گیشن سیل ) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں انسٹی ٹیوٹ آف ہارٹیکلچرل سائنسز کے زیراہتمام دو روزہ گل داؤدی و موسم خزاں کے پھولوں کی نمائش اختتام پذیر ہوگئی۔ یونیورسٹی کے اقبال آڈیٹوریم کے بالمقابل منعقدہ نمائش میں ایوب ایگریکلچرل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ‘ نایاب‘ ستارہ کیمیکل لمیٹڈ‘ سمارٹ سکولز‘ یونیورسٹی کے جونیئر لیبارٹری سکول اور ہارٹیکلچرل سائنسز کے طلباء و طالبات نے اپنے سٹالز لگائے۔ نمائش میں شریک اداروں اور انفرادی کاوشوں کو سات مختلف گروپس اور سیکشنزمیں تقسیم کیا گیا تھا جن میں اوورآل فاتح ستارہ کیمیکلز کو قرار دیاگیا جبکہ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ کو دوسری اور نایاب کو تیسری پوزیشن کا حقدار قرار دیا گیا۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقرار احمد خاں تھے جنہوں نے مختلف گروپس اور سیکشنز میں پوزیشن لینے والے اداروں اور انفرادی کاوشوں پر ٹرافیوں اور سرٹیفکیٹ سے نوازا۔ اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے یونیورسٹی میں کانووکیشن کے موقع پر پھولوں کی نمائش کا مقصد دراصل 12ہزار گریجوایٹس کو یونیورسٹی کی طرف سے مجموعی طور پر پھول پیش کرنا تھاجس میں شریک تمام اداروں اور شخصیات نے یونیورسٹی سے بھرپور تعاون کیا۔ڈاکٹر اقرار احمدخاں نے کہا کہ اس طرح کی نمائش لگانے کا دوسرا مقصد نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کی بنیاد پر مقابلہ کیلئے تیار کرنا بھی ہے تاکہ پیشہ وارانہ زندگی میں وہ پچھلے دروازے کی بجائے سامنے دروازے سے اپنی صلاحیتوں کی بنیاد پر منتخب ہوکر آئیں۔ ان کاکہنا تھا کہ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران یونیورسٹی میں طالبات اور خواتین کو خاطر خواہ مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں تاکہ وہ بھی معاشرے کی تعمیر میں اپنا حصہ پوری ذمہ داری سے ڈال سکیں۔ ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے یونیورسٹی کے دوسرے انسٹی ٹیوٹس‘ کلیہ جات اور کمیونٹی کالج کو بھی پھولوں کی نمائش کا حصہ بنانیکی ضرورت پر زور دیا۔سینئر ٹیوٹر ڈاکٹر اسلم پرویز نے بتایا کہ یونیورسٹی گزشتہ پانچ برسوں سے گل داؤدی‘ رنگ بہاراں‘ ڈاگ شو‘ ہارس شو اور لائیوسٹاک شو منعقد کرتی ہے جنہیں اب ملک بھر میں ایک باقاعدہ ایونٹ کا درجہ حاصل ہوچکا ہے۔ انہوں نے فلوریکلچرکے ماہرین اور نمائش کے منتظمین خصوصاً ڈاکٹر عاطف ریاض کی کاوشوں کو سراہا اور نمائش کے انعقاد میں تعاون پر نور فاطمہ گروپ کے چیف ایگزیکٹو میاں اجمل فاروق کاشکریہ ادا کیا۔

0 comments

Write Down Your Responses