بلدیاتی انتخابات کی تاریخ میں توسیع کے اعلان کیساتھ ہی بلدیاتی امیدواروں کے کیمپوں میں ویرانی چھاگئی

بہاول پور (ڈپٹی ڈسٹرکٹ انچارج انویسٹی گیشن سیل) بلدیاتی انتخابات کی تاریخ میں توسیع کے اعلان کیساتھ ہی بلدیاتی امیدواروں کے کیمپوں میں ویرانی چھاگئی گہماگہمیاں مفقود ہوگئیں کیمپوں میں انٹرٹینمنٹ کیلئے آنے والے مایوسی کاشکار جوڑ توڑ دوبارہ شروع نئے پینل تشکیل پانے لگے تفصیل کے مطابق سپریم کورٹ کی ہدایت پر الیکشن کیلئے نئی تاریخ مقرر کیے جانے کے بعد بہاولپورمیں چیئرمینوں اوروائس چیئرمینوں کے کیمپ اجاڑ کررہ گئے ان میں انتخابی سرگرمیاں مفقود ہوگئیں ہیں امیدواروں نے دوبارہ سے اپنے پینل تشکیل دیناشروع کردیئے ہیں۔ امیدواروں کے کیمپوں میں خاطرتواضع کیلئے آنے والے بھی مایوسی کاشکار ہیں کیونکہ ا ب انہیں وہاں کھانے پینے کی چیزیں نہیں مل رہیں نئے جوڑ توڑ اور پینل ٹوٹنے اورنئے تشکیل پانے کے کام میں ووٹر بھی پریشان ہیں۔ دوسری طرف امیدوار جماعتی بنیاد پر انتخابات کے انعقاد کے اعلان پر بڑے سیاسی جغادریوں کے ڈیروں کا رخ کررہے ہیں۔ مسلم لیگ ن ‘ جماعت اسلامی اورتحریک انصاف کے کارپردازوں کے ڈیرے آباد ہوناشروع ہوگئے ہیں ہرامیدوار ورزا اور اراکین اسمبلی کی سفارشیں ڈھونڈ کربرسراقتدار جماعت کے ٹکٹ کے حصول کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ مسلم لیگ ن سے کوسوں دور بھاگنے والے اب مسلم لیگ ن کے اکابرین کے ڈویروں کارخ کررہے ہیں۔ ووٹر بدلتی ہوئی صورتحال اور امیدواروں کی قلابازیوں کے باعث پریشان ہیں۔ تاہم ایک بات جودیکھنے میں آرہی ہے وہ یہ ہے کہ لوگوں میں سیاسی شعور بیدار ہورہاہے۔ اور سیاست اعلی ایوانوں سے نکل کرگلی محلوں میں آگئی ہے۔

0 comments

Write Down Your Responses