مسلح افواج ، رینجرز اور پولیس کے تمام افسران اور اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہے: رکن قومی اسمبلی بیگم پروین مسعود بھٹی

بہاول پور ( ڈپٹی انچارج انویسٹی گیشن سیل) رکن قومی اسمبلی بیگم پروین مسعود بھٹی نے محرم الحرام بالخصوص یوم عاشور کے موقع پر امن وامان کے قیام ، ماتمی جلوسوں اور مجالس کے تحفظ کیلئے موثر اور عملی اقدامات کرنے پر مسلح افواج ، رینجرز اور پولیس کے تمام افسران اور اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پختہ عزم اور حوصلے سے معاملات کو چلایا جائے تو بہتر نتائج حاصل ہوسکتے ہیں۔ ملک بھر میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ کیلئے تمام مکاتب فکرکے علمائے کرام نے مثبت کردار ادا کیا ہے ۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ خلق خدا کی خدمت کیلئے اپنا آرام وسکون قربان کرنابڑی عبادت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے تقدس کو برقراررکھنے، قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ اور عزاداران حسینؓ کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے تمام اداروں اور وفاقی صوبائی حکومتوں کی کارکردگی قابل تعریف ہے۔رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ اور اہل بیت سے سچی عقیدت و محبت کا تقاضا ہے کہ ان کی تعلیمات اور زریں اصولوں پرمکمل طور پرعمل پیرا ہوکر باطل قوتوں کے بجائے اہل حق کا ساتھ دیاجائے اور مذہبی رواداری، فرقہ وارانہ ہم آہنگی،احترام انسانیت کے درس کوفروغ دیکر دین اسلام کی اصل تعلیمات کوعام اور پوری دنیا کو امن کا گہوارہ بنانے کی جدوجہد کی جائے ۔بیگم پروین مسعود بھٹی نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران جہاں سیکورٹی اداروں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا وہاں علماء کرام،سول سوسائٹی ،انجمن تاجران نے بھی مثالی کردار ادا کیا اورملک بھر میں اتحاد بین المسلمین کا بہترین مظاہرہ دیکھنے میں آیا ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ علما اور قومی سلامتی کے ادارے آئندہ بھی قومی یکجہتی کا مظاہرہ کریں گے۔

0 comments

Write Down Your Responses