سٹیٹ آف آرٹ کڈنی سنٹر قائم کیا جا رہا ہے، تا کہ گردہ و مثانہ کی کے مریضوں کو جدید و معیاری طبی سہولتیں فراہم کی جا سکیں

فیصل آباد (سلیم شاہ ،چیف انوسٹی گیشن سیل)فیصل آباد میں اپنی نوعیت کا پہلا سٹیٹ آف آرٹ کڈنی سنٹر قائم کیا جا رہا ہے جس کے لیے ہنگامی بنیادوں پر ضروری اقدامات شروع کر دیئے گئے ہیں تاکہ گردہ و مثانہ کی مختلف بیماریوں کے مریضوں کو ایک ہی چھت تلے علاج معالجہ کی جدید و معیاری طبی سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔ اس کڈنی سنٹرکا ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میں ڈائیاگناسٹک بلاک سے ملحقہ دستیاب 100 بستروں پر مسشتمل 7 کروڑ روپے کے فنڈ سے نو تعمیر شدہ بلاک میں عنقریب اجراء ہو جائیگا جس کے لیے درکار ضرورتوں کا جائزہ لینے کے لیے ڈی سی او نوالامین مینگل نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کا دورہ کیا۔ صدر چمبر آف کامرس سہیل بن رشید بھی ان کے ہمراہ تھے جبکہ اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عارف علی، ایڈیشنل میڈ یکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر حبیب بٹر، انچارج شعبہ یورالوجی پنجاب میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر صفدر حسن سیال، ای ڈی اوز ہیلتھ اور فنانس ڈاکٹر وقار صادق، محمد ایوب خاں اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ ڈی سی او نے ڈاکٹر صفدر حسن سیال کو کڈنی سنٹر کے امور کی پیش رفت کے لیے اس پراجیکٹ کا فوکل پرسن مقرر کیا اور سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کی طرف سے 80 لاکھ روپے کے فنڈز کی فراہمی کا اعلان کرتے ہوئے محکمہ بلڈنگز کے افسران کو ہدایت کی کہ کڈنی سنٹر کے لیے مخصوص کی جانے والی بلڈنگ کی تزئین و تعمیر کے بقیہ کام کو دوہفتوں میں مکمل کریں۔انہوں نے کہا کہ کڈنی سنٹر کے انقلابی وفلاحی منصوبے کے لیے جدید طبی مشینری اور دیگر وسائل کی فراہمی کے لیے مقامی سطح پر فنڈز کا بندوبست کیا جائیگا اس سلسلے میں دکھی انسانیت کی خدمت کا جذبہ رکھنے والے مخیر حضرات فیاضانہ تعاون کریں تاکہ فیصل آباد اور گردونواح کے شہروں کے گردے ومثانے کے مریضوں کو مفت علاج کی بہتر و جدید سہولتیں میسر آسکیں۔ڈی سی او نے بتایا کہ آئندہ چند روز میںیورالوجی کانفرنس منعقد کی جائے گی جس میں مقامی صنعتکاروں اور تاجروں کو مدعو کیا جائے گا اور اس شعبہ کے ماہر ڈاکٹرز کڈنی سنٹر کے منصوبے کی افادیت سے آگاہ کریں گے ۔ فوکل پرسن ڈاکٹر صفدر حسن سیال نے بتایا کہ کڈنی سنٹر میں گردے کی پیوند کاری کے آپریشن کی سہولت فراہم کرنے کے علاوہ لیتھو ٹریسی مشین کی لیزرز کے ذریعے گردے مثانے کی پتھری توڑنے ‘ ڈائیلاسسز، مثانے کے کینسر اور دیگر متعلقہ بیماریوں کا علاج کیا جائیگا۔انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ کڈنی سنٹر کو جلد فنکشنل کرکے صحت کے شعبے میں گردے و مثانے کی بیماریوں کے علاج میں انقلاب برپا کیا جائے گا ۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عارف علی نے نو تعمیر شدہ وارڈ کو کڈنی سنٹر کے لئے مختص کرنے کے علاوہ دیگر ضروری امور میں اپنے تمام تر تعاون کا یقین دلایا ۔ صدر چیمبر آف کامرس سہیل بن رشید نے کڈنی سنٹر کے قیام کو انقلابی قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ تاجر و صنعتکار برادری ہر ممکن تعاون کرے گی ۔ 

0 comments

Write Down Your Responses