اسلام امن، سلامتی اور مساوات و رواداری کا مذہب ہے اور عاشورہ محرم کے دوران ضلع بھر کے تمام مسالک کے علما و مشائخ نے منبر و محراب سے امن، برداشت، رواداری اور سلامتی کا پیغام دیا ہے

بہاول پور ( ڈپٹی انویسٹی گیشن انچارج سیل ) ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر عمران سکندر بلوچ نے کہا ہے کہ اسلام امن، سلامتی اور مساوات و رواداری کا مذہب ہے اور عاشورہ محرم کے دوران ضلع بھر کے تمام مسالک کے علما و مشائخ نے منبر و محراب سے امن، برداشت، رواداری اور سلامتی کا پیغام دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن و سلامتی قائم رکھنے میں معاونت کرنے والے تمام افراد قوم کے ہیرو ہیں۔ ان خیالات کا اظہا رانہوں نے عاشورہ محرم کے بعد ضلعی امن کمیٹی کے منعقدہ اجلاس سرکٹ ہاؤس بہاول پور میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سہیل حبیب تاجک ،ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر امجد بشیر، ڈی او سی تنویر جھنڈیر، صدر چمبر آف کامرس امیر یوسف علی خان، تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، ضلعی انتظامیہ کے افسران، علما و مشائخ، سول سوسائٹی کے نمائندگان، انجمن تاجران کے نمائندوں سمیت تمام مکاتب فکر کی سرکردہ شخصیات نے شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو اپنے مذہب اور اسلاف کے طرز عمل سے درست طور روشناس کرانے کے لئے امن کمیٹیوں سمیت دیگر تمام تقریبات میں ان کی نمائندگی کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ نسل نو کی عملی تربیت کے ساتھ ساتھ ان میں صبر ، برداشت اور احترام انسانیت کے جذبے کو پروان چڑھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تحصیل کی سطح پر امن کمیٹیوں کو فعال کیا جائے گا اور ان کے اراکین کی پیش کردہ تجاویز کی روشنی میں قیام امن کی کوششوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ انہوں نے حافظ محمد یونس صدر انجمن تاجران اور دیگر علما و سماجی کارکنان کی عاشورہ کے موقع پر امن کاوشوں پر خراج تحسین پیش کیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سہیل حبیب تاجک نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عاشورہ محرم کے دوران سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے اور امن کمیٹیوں کے اراکین علما و مشائخ، انجمن تاجران اور سفیران امن قافلہ نے انتظامیہ کے شانہ بشانہ ساتھ دے کر امن وامان کے قیام میں اہم کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ فہرست زبان بندی، نظر بندی اور فورتھ شیڈول کونئی سفارشات کی روشنی میں از سر نو مرتب کرنے کے لئے فوری طور پر اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ اجلاس سے سید اسرار حسین شاہ، مولانا مفتی اظہر اسعدی، غلام مصطفی شاہد، مولانا عبد الرزاق ، سید اختر حسین زیدی، سید روشن علی گیلانی، مولانا عبد اللہ ، مولانا گلزار، سید محمود الحسن، مولانا عبد العزیز، مسلم قریشی، محمد ناصر کوچی، خواجہ مرید حسین، ریاض احمد اویسی، مفتی ارشاد احمد، محمد اقبال اور محمد اشرف نے خطاب کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیاکہ آئندہ بھی امن و امان کے قیام اور معاشرے میں صبر، برداشت اور رواداری کو فروغ دینے کے لئے منبر و مسجد کے تقدس کوہر صورت قائم رکھا جائے گا۔ مقررین نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے محرم الحرام کے انتظامات پر ہدیہ تبرک پیش کیا۔

0 comments

Write Down Your Responses