بہاول پور میں تعمیر ہونے والے جدید ترین سہولتوں سے آراستہ بہترین سول ہسپتال کی مثال ملک بھر میں نہیں ملتی

بہاول پور (ڈسٹر کٹ انچارج انویسٹی گیشن انچارج ) صوبائی وزیر امداد باہمی ملک محمد اقبال چنڑ نے کہا ہے کہ بہاول پور میں تعمیر ہونے والے جدید ترین سہولتوں سے آراستہ بہترین سول ہسپتال کی مثال ملک بھر میں نہیں ملتی ہے اور پنجاب حکومت نے ہسپتال کے لئے مزید 40کروڑ روپے کی رقم فراہم کی ہے جس سے ہسپتال میں مکمل ڈینٹل یونٹ، جدید ایکسرے پلانٹ اور سی ٹی سکین کے آلات آئندہ چند ماہ میں نصب کئے جائیں گے۔ وہ آج یہاں سول ہسپتال میں کینسر وارڈ کی افتتاحی تقریب سے اظہار خیال کر رہے تھے۔ جس میں کمشنر بہاول پور ڈویژن کیپٹن(ر) اسد اللہ خاں، پرنسپل قائد اعظم میڈیکل کالج پروفیسر خواجہ ہارون خورشید پاشا، ایم ایس بہاول وکٹوریہ ہسپتال ڈاکٹر ارشاد احمد، پرنسپل سول ہسپتال ڈاکٹر عزیز کے علاوہ دیگر سینئر ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے 3ارب روپے لاگت سے تعمیر ہونے والا سول ہسپتال بہاول پور کے لوگوں کے لئے بہترین تحفہ اور نعمت سے کم نہیں۔انہوں نے کہا کہ بہاو ل پور میں 106سال بعد ایک نیا جدید ہسپتال تعمیر ہوا ہے جس سے پہلے سے موجود ہسپتال میں مریضوں کا رش کم ہو گا اور علاج معالجہ کی جدید سہولیات میسر آ سکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر مریضوں کے علاج معالجہ میں پر خلوص نیت کے ساتھ کام کریں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ سول ہسپتال میں ڈاکٹرز کی کمی جلد پوری کی جائے گی۔ پرنسپل قائد اعظم میڈیکل کالج ڈاکٹر ہارون خورشید پاشا نے کہا کہ سول ہسپتال کی عمارت طرز تعمیر کا بہترین شاہکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں مہیا کی جانے والی سہولیات کسی بھی بڑے شہر کے ہسپتال سے کم نہیں۔انہوں نے بتایا کہ ایم ایس سول ہسپتال ڈاکٹر ابو عمار عزیز نے اظہار خیال کرتے ہوئے بتایا کہ گذشتہ سات ماہ میں 90ہزار مریض آئے جن میں سے 70ہزار مریضوں کو علاج کے لئے داخل کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ روزانہ 2000مریضوں کو شعبہ بیرونی مریضاں میں مفت تشخیص اور ادویات دی جا رہی ہیں۔انچارج کینسر وارڈ ڈاکٹر سیف الرحمن نے بتایا کہ وارڈ میں ابتدائی طور پر 20بیڈ کی سہولت دی گئی ہے جہاں مریضوں کی کیمو تھراپی، بلڈ ٹرانسفیوژن سمیت مفت ادویات اور علاج معالجہ کیا جا رہا ہے۔ قبل ازیں صوبائی وزیر امداد باہمی ملک اقبال چنڑ نے کمشنر بہاول پور ڈویژن کیپٹن(ر) اسد اللہ خاں نے کینسر وارڈ کا افتتاح کیا اور تختی کی نقاب کشائی کی۔ بعد ازاں انہوں نے کینسر وارڈ کا معائنہ کیا اور وارڈ میں داخل مریضوں کی عیادت کی۔صوبائی وزیر نے سول ہسپتال کے دیگر شعبوں اور ادویات کے اسٹاک کا معائنہ بھی کیا۔

0 comments

Write Down Your Responses