ناجائز منافع خوروں،پٹرول پمپس کی چیکنگ کے دوران اوزان و پیمائش میں گڑ بڑ کرنے والے دو پٹرول پمپس کو جر مانہ،میڈیکل سٹور سیل

فیصل آباد (سلیم شاہ ،چیف انوسٹی گیشن سیل) ضلع بھر میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے اشیائے ضروریہ کے ناجائز منافع خوروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طورپر 76 گراں فروشوں کو 59 ہزار روپے جرمانہ کیا ۔ تفصیلات کے مطابق مختلف بازاروں اور مارکیٹوں میں پھلوں ‘ سبزیوں ‘ گوشت اور دیگر اشیائے ضروریہ مہنگے داموں فروخت کرنے اور نرخ نامے آویزاں نہ کرنے کی پاداش میں تحصیل سٹی میں 25 ناجائز منافع خوروں کو 20 ہزار روپے ‘ تحصیل صدر میں 15 گراں فروشوں کو 12 ہزار پانچ سو ‘ سمندری میں 13 کو 10ہزار روپے ‘ جڑانوالہ میں 13 منافع خوروں کو 9 ہزار روپے ‘ تاندلیانوالہ میں 9 کو سات ہزار روپے اور چک جھمرہ میں پانچ گراں فروشوں کو چھ ہزار روپے جرمانہ کیا گیا ۔ علاوہ ازیں ضلع بھر میں پٹرول پمپس کی چیکنگ کے دوران اوزان و پیمائش میں گڑ بڑ کرنے والے دو پٹرول پمپس کو 38ہزار روپے جرمانہ کیا گیا جن میں چک جھمرہ کے ایک پٹرول پمپ کو 30 ہزار اور تاندلیانوالہ میں ایک پٹرول پمپ کو ہیرا پھیری پر 8 روپے جرمانہ کیا گیا جبکہ اشیائے ضروریہ میں ملاوٹ مافیا کے خلاف جاری مہم کے دوران محکمہ صحت کے افسران نے گزشتہ روز 38 دکانوں کو چیک کرتے ہوئے مختلف اشیاء کے 63 نمونے حاصل کرکے تجزیہ کے لئے لیبارٹری بھجوا دئیے ۔ مزید برآں تحصیل جڑانوالہ میں میڈیکل سٹورز اور عطائی ڈاکٹروں کے کلینکس کو چیک کرتے ہوئے ایک میڈیکل سٹور کو سیل اور دو کے چالان کئے گئے 

0 comments

Write Down Your Responses