محرم الحرام کے موقع پر ڈویژن بھر میں حکومت پنجاب کی ہدایت پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا

رحیم یار خان( ڈسٹرکٹ انچارج انویسٹی گیشن سیل ) کمشنر بہاول پور ڈویژن کیپٹن(ر) اسداللہ خان نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے موقع پر ڈویژن بھر میں حکومت پنجاب کی ہدایت پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے اور امن ومان کے قیام میں تمام مسالک کے علماء کرام سمیت ممبران امن کمیٹی کا کردار مثالی رہا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے محرم الحرام کے موقع پر ضلع رحیم یار خان میں محرم کے مختلف جلوسوں ، روٹس کا معائنہ ، ممبران امن کمیٹی اور منتظمین جلوس سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔کمشنر بہاولپور نے رحیم یار خان کے دورہ کے موقع پر سیکورٹی انتظامات اور جلوسوں کے روٹس پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر ڈی سی او نبیل جاوید ، اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر جاوید احمد و دیگر ضلعی افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔کمشنر بہاولپور نے لنگر حسینی رحیم یار خان سے برآمد ہونے والے مرکزی جلوس کا بھی معائنہ کیا اس موقع پر ممبر ڈویژنل امن کمیٹی علامہ عبدالرؤف ربانی نے کہا کہ ضلع میں محرم الحرام میں تمام مسالک کے علماء کرام امن و امان کے قیام میں متحرک ہیں اور ضلعی انتظامیہ سے بھر پور تعاون کر رہے ہیں۔منتظمین جلوس و ضلعی صدر انجمن لائسنس داران بابر زمان نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے محرم الحرام میں فقہ جعفریہ سے بھر پور تعاون کیا ۔ڈی سی او نبیل جاوید اورڈی پی او سہیل ظفر چٹھہ نے محرم الحرام سے قبل امن کمیٹی کے اجلاس طلب کئے جس کے بہترین نتائج برآمد ہوئے اور اہل تشیع برادری کو درپیش مسائل کو بروقت ختم کر دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اہل تشیع برادری امن و امان کے قیام میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بھر پور تعاون کر رہی ہے اور ضلعی انتظامیہ نے بھی جلوس و مجالس کے لئے سیکورٹی و دیگر انتظامات کو بہترین عملی جامہ پہنایا ہے۔اس موقع پر ڈی سی او نبیل جاوید نے کمشنر بہاولپور ڈویژن کیپٹن(ر) اسد اللہ خان کو سیکورٹی کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مرکزی و دیگر جلوسوں کے راستوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں جبکہ پولیس کی جانب سے سیکورٹی کے تسلی بخش انتظامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جلوسوں کے روٹس پر ٹی ایم اے نے منتظمین جلوس سے مل کر صفائی و دیگر متعلقہ امور بروقت مکمل کر لئے گئے تھے۔بعد ازاں کمشنر بہاولپور نے اندھے والا پل، خانپور، ظاہر پیر اور خانبیلہ میں بھی جلوسوں کا معائنہ کیا۔

0 comments

Write Down Your Responses