قیام امن کیلئے اس وقت دنیا میں سیرت مصطفیﷺ سے بڑھ کر اور کوئی دستور نہیں

بہاول پور (ڈپٹی انچارج انویسٹی گیشن ) تحریکِ منہاج القرآن کے رہنما علامہ حامد سعیدی نے مصطفوی سٹوڈ نٹس موومنٹ اسلامیہ یونیورسٹی کے تحت ’’عالمی قیام امن سیرت الرسول کی روشنی میں‘‘ کے عنوان سے ہونے والی فکری نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قیام امن کیلئے اس وقت دنیا میں سیرت مصطفیﷺ سے بڑھ کر اور کوئی دستور نہیں لہذا آج کے دور پر فتن میں پوری دنیا اور بالخصوص 56اسلامی ریاستوں کے حکمرانوں کوچاہیے کہ وہ سیرت مصطفیﷺ کو اپنے لئے آئیڈیل قرار دیں۔ آقاﷺکی ظاہری حیات میں انکی صحبت میں بیٹھنے والا غیر مسلم بھی رحمت سے محروم نہیں رہا تھا۔ آج آقا ﷺ کی ذات سے تعلق محبت کی مضبوطی اور ان کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر زندگی کے ہر شعبے کیلئے رحمت و برکت حاصل کرناہو گی تاکہ پوری دنیا امن و سلامتی کا گہوارہ بن سکے۔ انہوں نے کہا کہ حضور ﷺ کی رحمت کے فیض کے باعث کائنات کا وجود قائم ہے اور پاکستا ن عوامی تحریک آقا ﷺ کی رحمت حاصل کرنے کا شعور بیدار کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج امت مسلمہ اور پوری انسانیت کو محبت، رحمت اور احترام کی ضرورت ہے۔انہوں نے یوم عاشورہ پر راولپنڈی میں ہونے والے افسوسناک سانحہ کی پرزور مذمت کرتے ہوئے اس سانحہ کو ملکی سا لمیت اور استحکام کے خلاف گہری سازش قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مثبت رویے عام ہونگے تو دائمی امن و سلامتی حاصل ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جو حضورﷺ کی ذات میں فنا ہو جاتا ہے وہ پیکر رحمت بن جاتا ہے اور اس کے گرد دن رات لوگوں کا ہجوم نظر آتا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے اپنی زندگیوں کو آقا ﷺ کے پیغام رحمت سے آراستہ کریں تاکہ امت مسلمہ کی کھوئی ہوئی عظمت لوٹ آئے اور پوری دنیا امن کا گہوارہ بن جائے۔انہوں نے کہا کہ آج مسجدیں محاذ جنگ بنا دی گئی ہیں،دین کا وقار لٹ گیا ہے ۔ ایسا حضورﷺ سے تعلق غلامی کے ٹوٹنے اور کمزور ہونے کے سبب ہے۔ مسلمان جن کی پیروی کر رہے ہیں ان کے انسانی حقوق کے فلسفے میں مسلمان انسان ہی نہیں ہیں۔ آج امن قائم کرنے کے نام پر بدترین دہشت گردی ہو رہی ہے۔ تحریک منہاج القرآن امت کو حضورﷺ کی ذات سے تعلق مضبوط کرنے کیلئے متوجہ کر رہی ہے تاکہ مسلمانوں کی زندگیوں کا سکون اور خوشیاں لوٹ سکیں۔انہوں نے کہاکہ معلم انسانیت آقائے دو جہاں ﷺ کی ذات سے تعلق قائم کرنے کا بہترین ذریعہ ان پر درودوسلام بھیجنا ہے۔ درود شریف کی اثر انگیزی یہ ہے کہ یہ فتنہ وفساد کا خاتمہ کر کے امن و سلامتی عطا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضورﷺ کے اخلاق، معاملات اور حسن سلوک کو اپنے لئے مشعل راہ بنائیں تو امت کی عظمت رفتہ بحال ہو گی۔ حضورﷺ پوری انسانیت کیلئے رحمت ہیں انکے دیئے ہوئے اصولوں پر عمل کر کے ہی انسانیت امان حاصل کر سکتی ہے۔

0 comments

Write Down Your Responses